جامعات کے مالی بحران کی بنیادی وجوہات کا جائزہ لینے کےلئے ٹاسک فورس بنارہے ہیں، مینا خان

جمعرات 16 مئی 2024 21:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم میناخان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر ایک ٹاسک فورس بنارہے ہیں جو جامعات کے مالی بحران کی بنیادی وجوہات کا جائزہ لیگی اور ایک روڈ میپ دیگی کہ یونیورسٹیز آگے کیسے سیلف سسٹین ایبل ہوں گی، جامعات مالی بحران کا شکار ہیں لیکن یہ ابھی سے نہیں ہیں بلکہ بہت پہلے سے ہیں۔

یونیورسٹیوں کو مالی بحران سے نکالنے کیلیے پلان تیار کررہے ہیں، وائس چانسلرز کی تعیناتی کے معاملہ کو صوبائی کابینہ کے سامنے رکھیں گے اور جو فیصلہ کابینہ کریگی اس کے مطابق اقدام اٹھائینگے، کوئی غیرقانونی اور غیر آئینی کام نہیں کرینگے. وہ ہائیر ایجوکیشن کے کمیٹی روم میں پشاور کے ایجوکیشن رپورٹرز سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ارشدخان بھی موجودتھے، صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی ہائیر ایجوکیشن کمیشن بنانے کی کوشش کررہے ہیں، 18 ویں ترمیم کے بعد صوبائی ایچ ای سی بنانے کا حق صوبے کے پاس ہے، سندھ اور پنجاب نے اپنے صوبائی ایچ ای سی بنائے ہیں۔

یونیورسٹی ایکٹ میں ترامیم کے حوالے سے صوبائی وزیر میناخان کا کہناتھا کہ جامعات کے ایکٹ میں مثبت ترامیم لارہے ہیں اس کے لیے باقاعدہ ایک کمیٹی بنی ہے جس کو ہدایت کی ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیں اور ان سے تجاویز لیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کررہے ہیں جبکہ انڈومنٹ فنڈ کے اجرا کا بھی ارادہ رکھتے ہیں، انٹر میڈیٹ لیول پر یتیم بچیوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کیلیے کوشش کررہے ہیں تاکہ بین الاقومی سطح پر ہماری بچیاں مقابلہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ان مضامین جن میں اینرولمنٹ کم ہو اور اسکی موجودہ دور میں افادیت نہ ہو اسکی جگہ مارکیٹ اورینٹیڈ اور جس کا مارکیٹ میں ڈیمانڈ ہو وہ مضامین متعارف کررہے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں