گندم سکینڈل ‘ سابقہ و موجودہ حکومت ذمہ دار ہے ‘ فائق شاہ

صرف چار افسروں کی معطلی مذاق ہے ‘ کسانوں سے زیادتی برداشت نہیں کرینگے ‘ چیئرمین امن ترقی پارٹی

بدھ 22 مئی 2024 21:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2024ء) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے گندم اسکینڈل پر کابینہ کے فیصلے اور صرف چار افسروں کی معطلی کو مسترد کرتے ہوئے، عدالتی تحقیقات اور اصل بڑے مجرموں کو سامنے لانے کا مطالبہ کر دیا، انہوں نے کہا کہ ’’ ہا تھی نکل گیا اور چیونٹیوں کو مار دیا گیا ‘‘ کرپشن میں یہ اصول کب تک چلتا رہے گا ایک اندازے کے مطابق 85 ارب روپے کی کرپشن ہوئی، ناقص گندم عوام کے حوالے کی گئی اور کسانوں کو بے تحاشا نقصان پہنچایا گیا یہ ملک، کسانوں اور عوام کے ساتھ ظلم ہے موجودہ اور سابقہ حکومت دونوں کو کٹہرے میں لانا ہوگا ۔

(جاری ہے)

محمد فائق شاہ نے کہا کہ دنیا، عوام اس مذاق کو کیسے مانے گی کہ صرف چار افسر اس میں ملوث ہوں اور اتنا بڑا فیصلہ ہو جائے، یہ انصاف کے نام پر مذاق اور عوام کے پیسوں پر ڈاکہ ہے، ماضی میں کسانوں اور معصوم عوام کے ساتھ یہ ظلم ہوتا رہا مگر اب لوگ چپ نہیں بیٹھیں گے، محمد فائق شاہ نے کہا کہ اس وقت اداروں کے درمیان شدید رسہ کشی بڑھ رہی ہے، سیاستدان، عدلیہ اور دیگر ادارے آمنے سامنے ہیں، کسی کو ریاست اور معیشت کا کوئی خیال نہیں، ذاتی مفادات اور حملہ آور پاپٹس کے ذریعے کام چلایا جا رہا ہے جو پورا دن میڈیا پر غیر اخلاقی اور غیر آئینی حملے کرتے رہتے ہیں جس کو معیشت اور سیاست کا نہیں پتہ، اخلاقی اقدار سے واقف نہیں وہی میڈیا کا محبوب اور حکومت و اپوزیشن کا ترجمان ہے، ایسے فائدے مند نتائج کیسے آئیں گے، امن ترقی پارٹی جمہوری اور آئینی حدود میں رہ کر، معیشت اور سیاست کو پوری زمہ داری، مہارت اور انصاف سے پیش کرتی ہے مخالفت برائے مخالفت سے کوئی غرض نہیں صرف اصلاح اور ترقی ہماری جدوجہد ہے جس کیلئے اقتدار نہیں، عوامی اختیار چاہیے نوجوان یہ منزل ضرور حاصل کریں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں