کوئٹہ ،جعلی ہاوسنگ اسکیمات کی بھر مار، لینڈ مافیا کے ہاتھوں سادہ لوح لوگ اپنی جمع پونجی سے محروم ہونے لگے

کیو ڈی اے نے بھی جعلی اسکیمات کا نوٹس لیتے ہوئے متعدد ہاوسنگ اسکیمات کو نوٹس جاری کر دئیے متاثرین کی ایک بڑی تعداد نے نیب بلوچستان سے رجوع کر لیا، نیب بلوچستان نے 8 مبینہ جعلی اسکیمات کے خلاف تحقیقات شروع کر دی

ہفتہ 19 ستمبر 2020 00:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2020ء) کوئٹہ شہر میں جعلی ہاوسنگ اسکیمات کی بھر مار، لینڈ مافیا کے ہاتھوں سادہ لوح لوگ اپنی جمع پونجی سے محروم ہونے لگے، کیو ڈی اے نے بھی جعلی اسکیمات کا نوٹس لیتے ہوئے متعدد ہاوسنگ اسکیمات کو نوٹس جاری کر دئیے، متاثرین کی ایک بڑی تعداد نے نیب بلوچستان سے رجوع کر لیا، نیب بلوچستان نے 8 مبینہ جعلی اسکیمات کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں۔

کیو ڈی اے اور نیب بلوچستان کی جانب سے لینڈ مافیا کے جال سے بچانے کے لئے میڈیا کے ذریعے بار ہا انتباہ جاری کئے جانے کے باوجود جعلی اسکیمات کے قانونی پہلووں کولوگوں کی جانب سے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔بلوچستان کے دارلحکوت کوئٹہ میں جعلی اسکیمات نے قوانین کی دھجیاں اٴْڑاتے ہوئے سادہ لوح لوگوں کو انکی عمر بھر کی متاع سے محروم کرنا شروع کر دیا ہے ، با اثر لینڈ مافیا کی جانب سے متعدد اسکیمات میں قانونی تقاضے پورا کئے بغیر غیر قانونی طور پر ہاوسنگ اسکیمز چلائی جا رہی ہیں ، کوئٹہ ڈویلمپنٹ اتھارٹی نے غیرقانونی ہاوسنگ اسکیمز کے بڑھتے ہوئے رحجان کا نوٹس لیتے ہوئے متعدد اسکیمات کو نوٹسز بھی جاری کئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لینڈ مافیا کے ہاتھوں لٹنے والے متاثرین کی ایک بڑی تعداد نے اپنی ڈوبی گئی رقم کی واپسی کے لئے قومی احتساب بیورو بلوچستان سے رجوع کرنا شروع کر دیا ہے۔ نیب بلوچستان سے رابطہ کرنے پر بتایا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو بلوچستان نے سینکڑوں شکایات کی روشنی میں 8 جعلی اسکیمات کے خلاف کاروائی کا آغاز کر دیا ہے اور اس سلسلے میں کیو ڈی اے سے بھی ان اسکیمات کی بابت جواب مانگا ہے۔

جعلی اسکیمات کے بارے میں کئے گئے ایک سروے کے مطابق اس نو ع کی زیادہ تر اسکیمات شہر کے نواحی علاقوں میں بنائی گئی ہیں جہاں سستی زمین کے لالچ میں لوگ لینڈمافیا کے دام میں آ کر اپنی عمر بھر کی جمع پونجی سے محروم ہوئے ہیں۔کیو ڈی اے اور نیب بلوچستان نے لوگوں کو لینڈ مافیا کے جال سے بچانے کے لئے میڈیا کے ذریعے بار ہا انتباہ جاری کئے ہیں ، میڈیا مہم کے ذریعے عوام کو یہ بتانے کی بھر پور کوشش کی گئی ہے کہ کسی بھی اسکیم میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے اس اسکیم کی این او سی سمیت تمام قانونی پہلووں کا ضرور جائزہ لیا جائے تاکہ لینڈ مافیا کے دام میں آنے سے بچا جا سکے۔

نیب بلوچستان سے رابطہ کرنے پر این این آئی کو معلوم ہوا کہ نیب بلوچستان نے ماضی قریب میں اس سے قبل شاہنم ہاوسنگ اسکیم ، جنت ہاوسنگ اسکیم اور ارسلان ہاوسنگ اسکیم کے خلاف کاروائی کرکے متاثرین کو انکے کروڑوں روپے واپس دلوائے ہیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں