اسلام ہی کا درس ہے کہ مزدور کی مزدوری اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کردو، مولانا عبدالرحمن رفیق

بدھ 1 مئی 2024 22:57

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبد الرحمن رفیق نے یوم مزدور کی مناسبت سے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہی کا درس ہے کہ مزدور کی مزدوری اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کردو۔ ایک دن مزدور کیلئے مختص کرنا مناسب نہیں ہے ،اسلام ہرروز صبح وشام مزدور کے ساتھ انصاف کا علمبردار ہے۔

اسلام میں جہاں محنت کی عظمت اورکسبِ حلال کی اہمیت بڑا واضح ہے ، وہاں حرام مال اور ناجائز آمدنی سے حاصل ہونے والے رزق اور مال و جائیداد کو انسان کی تباہی ،اس کی نیکیوں کی بربادی اور اس کے تباہ کن اثرات کو بھی پوری وضاحت سے بیان کیا گیا ہے،چناں چہ کسب ِ حلال کو ایک عظیم نیکی ،باعثِ اجرو ثواب عمل قرار دیا گیااور دوسری جانب ناجائز اور حرام مال کو وبال اور گناہ کا بنیادی سبب قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

مولانا عبد الرحمن رفیق نے کہا یہاں ہرسال محض رسمی طور پر مزدوروں کے حقوق کا ڈھنڈورا پیٹ کر اگلے روز سے ہی مزدوروں کا استحصال شروع کر دیا جاتا ہے۔ حیرت ہے کہ مزدوروں کے حقوق کے علمبردار لوگ اور ادارے خود اپنے ماتحتوں، ملازموں، مزدوروں اور کارکنوں کا استحصال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام محنت اور محنت کشی کو سراہتے ہوئے محنت کشوں اور مزدوروں کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے محنت کرنے والوں کو جو جاں فشانی سے رزق حلال کماتے ہیں، کا دوست و محبوب قرار دیا ہے اور خود آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے محنت کرنے والے ہاتھوں کو چوم کر تاقیامت انہیں عظمت عطا فرمائی اور محنت کشوں کے حقوق کو ان الفاظ سے سند عطا فرمائی’’مزدور کی مزدوری اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کردو۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں