گزشتہ سال ریلوے کی آمدنی میں اضافہ ہوا ، خسارے میں بھی کمی آئی ہے، اعظم نذیر تارڑ

بدھ 22 مئی 2024 13:13

گزشتہ سال ریلوے کی آمدنی میں   اضافہ ہوا ، خسارے میں بھی کمی آئی ہے، اعظم نذیر تارڑ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) وفاقی وزیر قانون، انصاف و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ریلوے میں کرپشن پر ملازمین کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے، گزشتہ سال ریلوے کی آمدنی میں پچھلے سالوں کے مقابلے میں 12 سے 15 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، آمدنی بڑھنے سے خسارے میں بھی کمی آئی ہے۔ بدھ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر شہادت اعوان، سینیٹر محسن عزیز، سینیٹر ڈاکٹر ہمایوں مہمند اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر قانون، انصاف وپارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان ریلوے عشروں سے مسائل کا شکار رہا ہے، ریلوے کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ ان کی تنخواہوں اور پنشن پر ریلوے کے بجٹ کا 68 فیصد بجٹ خرچ ہو جاتا ہے اور باقی رقم سے پٹرول، ڈیزل، انجنز، بوگیوں کی خریداری اور دیگر ضروریات پوری کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے ایک ایکٹ کے تحت قائم ہوا ہے، ریلوے میں کرپشن پر کارروائی کی جاتی ہے، کراچی میں 14 ملازمین کو کرپشن پر ملازمت سے فارغ کیاگیا ہے ، سکھر میں بھی اسی طرح کارروائی کی گئی ہے اور 12 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی ہے، اسی طرح ملتان، لاہور، راولپنڈی اور پشاور میں بھی کرپشن پر ملازمین کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ریلوے کی آمدنی میں اس سے پچھلے متعدد سال کے مقابلے میں 12 سے 15 ارب روپے کا آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پنشن کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، ریلوے کے مسائل رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ریلوے کے لئے 111 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا جس میں سے تنخواہوں پر 35 ارب روپے سے زائد اور پنشن پر 39 ارب روپے خرچ ہو جائیں گے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ریلوے کے معاملات بہتر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی وجہ سے گزشتہ مالی سال کے دوران ریلوے کی کو 63 ارب روپے سے زائد کی آمدنی ہوئی جو کہ گزشتہ سالوں کی نسبت 251 فیصد زیادہ ہے، اس سے پچھلے سالوں کے دوران ریلوے کی آمدنی سالانہ 20 ارب روپے کے لگ بھگ رہی ہے، ریلوے کی آمدنی بڑھنے سے خسارے میں بھی کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے حادثات میں 2019ء کے بعد نمایاں کمی ہوئی ہے، ریلوے پھاٹکوں عملہ نہ ہونے کی وجہ سے بھی حادثات رونما ہوتے ہیں تاہم ان کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، گھوسٹ ملازمین کو فارغ بھی کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں