وزارتوں کے خرید و فروخت کی منڈی کے بعد محکموں کے انتظامی ذمہ داریاں مہارت کی بجائے بکنے لگیں، ترجمان ینگ ڈاکٹرز

منگل 7 مئی 2024 22:02

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2024ء) ترجمان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان ڈاکٹر صبور کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومتی ارکان کی جانب سے وزارتوں کے خرید و فروخت کی منڈی لگنے کے دعوں کے بعد نظام کو بہتر بنانے کے دعویداروں کا نیا کھیل شروع ، محکموں کے انتظامی ذمہ داریاں قابلیت ، کارکردگی یا مہارت کے بجائے پیسوں کے عوض بکنے کی خبریں زبان زد عام ہیں۔

دفتروں، بازاروں اور نجی محفلوں میں بروکرز قیمت لگاتے مختلف ناموں سے سرگرم ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، سیکرٹری سے لے کر نچلے درجے آفسر کی تعیناتی مبینہ طور پر پیسوں کے عوض ہونے لگی، ڈاکٹروں اور دیگر ہیلتھ سٹاف کو دینے کیلئے ملازمتیں نہیں ہے لیکن عوام کا پیسہ دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہے، موجودہ صورتحال سنگین شکوک و شبہات کو جنم دے رہا ہے حکام بالا سے کمیشن اور کرپشن کے سدباب کیلئے موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہیںینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر صبور کاکڑ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومتی ارکان کی جانب سے وزارتوں کی مبینہ خرید و فروخت کی حالیہ دعووں کے بعد پوری ڈاکٹرز کمیونیٹی تشویش میں مبتلا ہیں جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ محکمانہ انتظامی ذمہ داریوں کا مبینہ طور پر میرٹ، کارکردگی یا مہارت کی بنیاد پر دیئے جانے کے بجائے پیسوں کے عوض بکنے کی خبریں زبان زد عام ہیں۔

(جاری ہے)

یہ پریشان کن صورتحال پورے نظام کی سالمیت کو نقصان پہنچارہی ہے اور حکومتی منصوبوں کی شفافیت پر سنگین شکوک و شبہات کو جنم دیتی ہے۔اس مکروہ کام کو سرانجام دینے کے لیے بروکرز کے سرکاری دفاتر ، بازاروں اور نجی محفلوں میں مختف ناموں سے سرگرم عمل ہونے کی مبینہ اطلاعات موصول ہو رہی ہے جس کے مطابق وزیروں کے فرنٹ مین سے طے شدہ معاملات کے بعد زیادہ رقم ادا کرنے والے کو من پسند ادارے میں من پسند منصب اور اختیارات تفویض کیے جا رھے ہیں۔

ایسے اقدمات نہ صرف حکومت کے کارکردگی پر سوالیہ نشان بننے کا باعث بننں گے بلکہ کمیشن اور کرپشن کی نئی داستانیں رقم کر کے نئی قائم شدہ حکومت کے جگ ہنسائی کا ذریعہ بننں گے۔ ترجمان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ حکمرانی کی اعلی سطح سے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کریں۔ اور تمام تعیناتیاں میرٹ، اہلیت اور کردار کے لیے موزوں ہونے کی بنیاد پر کی جائیں۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت کرتی ہیں جہاں افسران کی تعیناتی میرٹ، اہلیت اور قابلیت کے بجائے پیسوں کے بل بوتے پر کی جائے ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں