کیسکوکی صوبے بھرمیں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری

منگل 14 مئی 2024 16:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی صوبے بھرمیں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ ا س سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی،سبی،خضداراور مکران سرکلز میں کیسکوٹیموں کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کاعمل تیزی سے جاری ہے جس کے تحت ماہ ستمبرسے اب تک صوبہ کے مختلف پولیس سٹیشنوں میں بجلی چوروں کے خلاف6ہزار166 تحریری درخواستیں ارسال کر دی گئیں ہیں جن میں سے اب تک 607 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کی جا چکی ہیں۔

اس کے علاوہ خصوصی مہم کے دوران کیسکونے صوبہ کے تمام آپریشن سرکلز میں بجلی میٹروں کو شٹ کئے جانے والے 24ہزار312گھریلوکنکشنز،8ہزار246کمرشل کنکشن جبکہ 2ہزار458زرعی کنکشنزاور515صنعتی صارفین کے کنکشنز منقطع کرکے بعد ازاں اُن پر جرمانے عائد کردئیے اوراس طرح مجموعی طورپربجلی چوروں کو ایک کروڑ23لاکھ87ہزاربجلی یونٹ ڈیٹیکشن کی مد میں چارج کیئے گئے۔

(جاری ہے)

چارج شدہ بجلی یونٹس کی قیمت تقریباً63کروڑ 92لاکھ 82ہزارروپے بنتی ہے جن میں سے کیسکونے اب تک 59کروڑ58 لاکھ روپے سے زائد رقم وصول بھی کرلئے ہیں۔ علاوہ ازیں نادہندگان سے بجلی بلوں کی مدمیں بقایاجات کی وصولی کاعمل بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے اوراس سلسلے میں ماہ ستمبر سے اب تک صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں کیسکو ٹیموں نے بقایاجات کے حامل 2 لاکھ 44ہزار125 نادہندہ صارفین سے تقریباً3 ارب65کروڑ87لاکھ روپے بھی وصول کئے جاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ کیسکو ٹیموں کی جانب سے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف صوبہ بھرکے تمام آپریشن سرکلز میں کارروائیاں جاری ہیں، لہٰذا کیسکونے اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بجلی بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے ذمہ بقایاجات بھی اداکریں تاکہ کنکشن منقطع ہونے یا مزید کسی بھی زحمت اور پریشانی سے بچاجاسکے۔علاوہ ازیں تمام صارفین بجلی کے غیر قانونی استعمال سے اجتناب کریں اور اپنے اردگردبجلی چوروں کی نشاندہی کرکے اس قومی مہم میں کیسکوکے ساتھ تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں