وزیرداخلہ بلوچستان سےجرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز کی ملاقات،صوبے میں تعلیم اور صحت کی بہتری کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

منگل 14 مئی 2024 20:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) وزیرداخلہ بلوچستان میرضیاءاللہ لانگو سےکراچی میں تعینات جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے ِ منگل کوکوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی ۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ ،ڈپٹی کمشنر قلات بلال شبیراوراعزازی سفیر برائے قونصل جنرل جرمن مرادبلوچ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے مہمان گرامی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور بلوچستان آنے پران کاخیرمقدم کیا۔

ملاقات میں جرمن قونصل جنرل نے وزیر داخلہ میرضیاء اللہ لانگو کو وزرات کا منصب سنبھالنے پر مبارکبادپیش کی ۔ملاقات میں صوبے میں امن وامان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ بھارت صوبے میں دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے اور دہشتگردوں کی پشت پناہی بھی کر رہا ہے تاہم ہماری فورسز دہشتگردوں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں اور آخری دہشتگرد کا قلع قمع کرنے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان کی قیادت میں امن اومان، تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ملاقات میں ڈاکٹرروڈیگر لوٹز نے کہا کہ میں بلوچستان کا پہلے بھی دورے کرچکا ہوں ،صوبے کی مہمان نوازی مثالی ہے،یہاں آکر بہت خوشی ملتی ہے،جرمن حکومت بلوچستان میں تعلیم اور صحت کی بہتری کے لئے تعاون جاری رکھے گی۔ آخر میں وزیر داخلہ بلوچستان نےقونصل جنرل کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں