آرٹس کونسل کراچی کی جانب سے پاکستان لٹریچرفیسٹیول کوئٹہ چیپٹر کے آخری روز یوسف بیگ قریشی کی زندگی سے اقتباسات پر سیشن کا انعقاد

جمعرات 16 مئی 2024 20:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے پاکستان لٹریچرفیسٹیول کوئٹہ چیپٹر کے آخری روز معروف آرٹسٹ یوسف بیگ قریشی کی زندگی سے اقتباسات پر سیشن کا انعقادایکسپو سینٹر میں کیاگیا جس میں اینکر عظمیٰ الکریم نے ان کی زندگی کے حالات ،شخصیت اور ان کے فن کے حوالے سے گفتگو کی۔ یوسف بیگ قریشی جو وائے بی کیو کے نام سے مشہور ہیں، انہوںنے امریکا میں پندرہ سال رہنے کے بعد وطن لوٹنے سے اپنے فیشن ڈیزائنر بننے تک کے سفر کاذکر کیا۔

یوسف بیگ قریشی سے سوال ہوا کس دوست کے کہنے پر وطن واپس آئی تو انہوں نے بتایا کہ گھر لوٹاتو اپنے داد اکی محبت میں۔ دادا سب سے پرانے دوست تھے جواس دنیا میںا نہیں سب سے زیادہ پیار کرتے تھے۔

(جاری ہے)

داداکے ذکر پروائے بی کیو آبدیدہ ہوگئے۔ یوسف بیگ قریشی نے بتایاکہ فیشن ڈیزائنر بننے کا سوچا نہیں تھا۔ امریکامیں نبراسکا میں جس گھر میں قیام پذیر تھے اس فیملی کا گھوڑوں کا فارم تھا۔

وہاں گھوڑوں کی ٹریننگ پر لگ گئے۔ پھر ایک دن کاسٹیوم پارٹی میں اپناروایتی دھوتی ،کرتا اور پگڑی پہن کر چلے گئے۔ تو وہاں سب نے بہت سراہا۔ یوسف بیگ نے بتایا کہ لاس اینجلس میں وہ میتوںکو غسل بھی دیتے رہے۔ جب وہاں پردیسیوں کے جنازے پر گھروالے نہیں آپاتے تھے تو انہیں بے حد دکھ ہوتاتھا۔ تو انہوں نے سوچ لیا کہ وہ جینے کے لیے وطن واپس جائیں گے۔

سیشن میں نوجوانوں کی بڑی تعداد وائے بی کیو کو سننے کیلئے موجود تھی۔ یوسف بیگ قریشی نے نوجوانوں کو مخاطب کرکے کہا کہ خودکو پہچانیں۔ جو دل کہے وہ کریں اور جو بھی کریں پیار سے کریں۔ فیملی کی اہمیت بتاتے ہوئے یوسف بیگ قریشی نے کہا کہ ہمارا خاندانی نظام رکھ رکھا و ٴاور ادب پر مبنی ہے۔ ماں باپ بہن بھائی کو روز صبح گلے لگائیں۔ انہیں محسوس کریں۔

طلبہ و طالبات نے اپنی پسندیدہ شخصیت سے ڈھیر سارے سوالات بھی کئے۔ ایک سوال کے جواب میں یوسف بیگ قریشی نے زندگی کا مفہوم کچھ یوں سمجھایا کہ زندگی وہ تحفہ ہے جس کو اپنی بہترین اور آخری چھٹی کے طور پر گزاریں۔ سیشن کے اختتام پر یوسف بیگ قریشی نے کوئٹہ بلانے اور فیسٹیول کے انعقاد پر صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی احمد شاہ کی کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا ۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں