طلباءبدعنوانی کو روکنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی طاقت رکھتے ہیں،ڈپٹی ڈائریکٹر نیب بلوچستان

جمعرات 16 مئی 2024 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) نیب بلوچستان نے یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ کے تعاون سے ''بدعنوانی کے خاتمے میں طلباءکا کردار'' کے اہم موضوع پر ایک سیمینار کا اہتمام کیا۔ تقریب میں فیکلٹی ممبران اور طلباءنے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب خرم شہزاد نے طلباءسے خطاب کے دوران نیب کے کام کرنے کا طریقہ کار بیان کیا۔ انہوں نے موضوع کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بدعنوانی کے خلاف جنگ میں طلباءکی اہمیت پر زور دیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اس برائی کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ لوگ معاشرے میں شفافیت اور احتساب کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے بدعنوانی سے متعلق مختلف اسلامی آیات کا حوالہ دیا، جس میں بدعنوانی سے نمٹنے کے لیے اخلاقی تقاضوں پر زور دیا گیاہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے تاریک پہلووں کے بارے میں سب کو معلوم ہونا چاہیے۔ سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں طلباءاور فیکلٹی ممبران نے نیب کے مہمان سپیکر سے بات چیت کرتے ہوئے بدعنوانی اور اس کے خاتمے کے مختلف پہلووں پر وضاحت طلب کی۔

خرم شہزاد ڈپٹی ڈائریکٹر نیب نے تمام سوالات کے تفصیلی جوابات دئیے۔ یونیورسٹی آف بلوچستان کی جانب سے پروفیسر فائزہ میر نے بھی اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ ہمارے معاشرے میں بدعنوانی کی جڑیں بہت گہری ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباءمیں تبدیلی لانے کی طاقت ہے لہذا انہیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے اس با ت کا آعائدہ کیا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے مزید پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلباءمیں کرپشن کے خلاف بیداری پیدا کی جا سکے اور انسداد بدعنوانی کی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں