خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی خوبصورت جامع مسجد کا افتتاح

بدھ 19 اپریل 2023 20:00

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2023ء) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی خوبصورت جامع مسجد کا افتتاح کردیا گیا۔ مسجد کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے علمائے کرام اور اساتذہ کرام کے ہمراہ مل کر کیا۔ جامع مسجد کے افتتاح کے موقع پر قرآن خوانی کی گئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے جامعہ مسجد کی تختی کی نقاب کشائی کی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے اس نیک کام کی سعادت عطا فرمائی۔ انہوں نے کہا مساجد دین کی ترویج کے ساتھ مسلمانوں کی کردار سازی میں مرکزی اہمیت رکھتی ہیں۔ مسجد وہ مقدس مقام ہے جو پریشان حالوں اور بے کسوں کی داد رسی کی جگہ ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں طلبہ کی کردار سازی پر یقین رکھتی ہے۔

اس موقع پر مولانا راشد مدنی، قاضی شفیق الرحمان، قاری عتیق الرحمان، قاری احمد فاروقی،قاری ظفر اقبال، محمد اسلم اور دیگر کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کی خواجہ فرید یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی ، طلبہ کی کردار سازی، اسلامی تشخص اجاگر کرنے اور سماجی خدمات کے فروغ کے حوالے سے خدمات قابل قدر اور قابل تقلید ہیں۔

جامع مسجد کی تعمیر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کا جامعہ کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے ایک اور عظیم کارنامہ ہے۔ ان کے متاثر کن ویژن اور اس پر بطریق احسن عملدرآمد سے طالب علموں کی جو تربیت ہو رہی ہے اس سے ایک بہتر اور فلاحی معاشرے کی تشکیل کا خواب پورا ہوگا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہرنے مسجد کی تعمیر اور تزئین و آرائش پر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو خاص طور پر مبارک باد دی اور ان کی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد مرتضیٰ، رجسٹرار ڈاکٹر محمد صغیر، ٹریثرر غلام مصطفیٰ کمال، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد شاہد عتیق، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر محمد بلال طاہر، انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالرشید ، ڈاکٹر ماجد رشید، سمیت اساتذہ کرام کی بڑی تعداد موجود تھی۔\378

متعلقہ عنوان :

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں