خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں رواں

منگل 23 جنوری 2024 20:53

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2024ء) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان کی انٹرنیشنلائزیشن کے حوالے سے کی گئی کوششوں کے ثمرات سامنے آ گئے۔ خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں رواں سیمسٹر میں داخلہ لینے والے 17 غیر ملکی طلبا و طالبات کی جامعہ آمدکا سلسلہ شروع ہوگیا ۔

نائیجیریا سے آنے والی طالبہ امادو بوباکر فاطمہ جامعہ پہنچیں جہاں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ملتان ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا جبکہ یونیورسٹی آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد مرتضیٰ نے انہیں خوش آمدید کہا، فیکلٹی و انتظامی افسران سے ان کی ملاقات کروائی اور ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ فاطمہ کی یہاں آمد خواجہ فرید یونیورسٹی کے اعلیٰ معیار تعلیم اور اس کی قومی و بین الاقوامی رینکنگز میں نمایاں پوزیشنز کے ثمرات ہیں اور اس ضمن میں کی گئی جہد مسلسل رنگ لا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی کی انتظامیہ یونیورسٹی کے بلند معیار تعلیم، بین الاقوامی طلبہ سے ہم آہنگ ماحول کی فراہمی اور تدریسی و تحقیقی حوالوں سے بہترین خدمات فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کے لیے ایک دوسرے سے سیکھنے، ایک دوسرے کی مدد کرنے اور مختلف ثقافتوں کا امتزاج ضروری ہے،اس سے جہاں ادارے کا معیار مزید بلند ہوگا وہیں دیگر ممالک کے طلبہ کی پاکستان میں تعلیم وترقی کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ امادو بوباکرخواجہ فرید یونیورسٹی میں مینجمنٹ سائنسز میں ایم ایس کی ڈگری مکمل کریں گی۔بھرپور استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر فاطمہ نے وائس چانسلر اور دیگر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

رواں سیمسٹر میں کامسٹیک کے تعاون سے مجموعی طور پر 17 غیر ملکی طلبا و طالبات تعلیم حاصل کریں گے۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر محمد صغیر ، ایسوسی ایٹ ڈینز، ڈاکٹر محمد بلال طاہر، ڈاکٹر بدرالالسلام ، ڈاکٹر اسلم خان، ڈاکٹر یاسر نیاز، ڈاکٹر جلات خان ، ڈاکٹر احمد صہیب، ڈاکٹر شاہد عتیق اور ڈاکٹر عمارہ بھی موجود تھیں۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں