جامعہ فرید انٹریونیورسٹی والی بال چیمپین شپ جیت لی

ہفتہ 23 ستمبر 2023 17:31

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2023ء) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی والی بال ٹیم نے کانٹے دار مقابلے کے بعد بین الجامعاتی والی بال چیمپین شپ اپنے نام کر لی۔ والی بال چیمپین شپ 2023-24زون جے کے ان مقابلوں کا انعقاد ایم این ایس زرعی یونیورسٹی اور ایچ ای سی کے اشتراک سے ملتان میں کیا گیا تھا۔

مقابلے کے اس زون میں بہائو الدین ذکریا یونیورسٹی ملتان اور ایم این ایس ایگری کلچر یونیورسٹی ملتان بھی شامل تھیں۔ فائنل مقابلہ ایم این ایس اور خواجہ فرید یونیورسٹی کے درمیان ہوا جس میں خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سبقت حاصل کرتے ہوئے چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے اپنی ٹیم کی کامیابی پر کھلاڑیوں، ڈائریکٹر سپورٹس عدنان باجوہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس یاسر علی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی اپنے طالب علموں کو جہاں تعلیم و تحقیق کی جدید سہولیات فراہم کررہی ہے وہیں انہیں کھیل کے میدانوں میں بھی اپنا نام بنانے کا بھرپور موقع فراہم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اگلے مرحلے میں ان کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ صحت مند زندگی کے حصول کیلئے کھیل نہایت ضروری ہیں یہ صرف تفریح کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ جسم کو چاق و چوبند اور صحت مند بنانے کا بھی ذریعہ ہے ۔\378

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں