خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ساتواں سالانہ سپورٹس و تیسرا ایتھلیٹکس میٹ گالا اختتام پذیر

جمعرات 7 دسمبر 2023 19:30

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2023ء) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ساتواں سالانہ سپورٹس و تیسرا ایتھلیٹکس میٹ گالا اختتام پذیر ہوگیا تقریب کا افتتاح مہمان خصوصی وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر شہزاد مرتضیٰ نے رجسٹرار ڈاکٹر محمد صغیر و دیگرمہمانوں کے ہمراہ کیا۔اس موقع پر وہاں موجود کھلاڑیوں نے معزز مہمانوں پر گل پاشی کی۔

اس موقع پرمختلف شعبہ جات کے طلبا و طالبات نے مارچ کیا اور وائس چانسلر سمیت سٹیج پر بیٹھے مہمانان کو سلامی پیش کی۔سپورٹس گالا میں و ایتھلٹیکس میٹ میں کرکٹ، فٹ بال، والی بال، ہینڈ بال، بیڈ منٹن،رسہ کشی سمیت متعدد کھیل پیش کیے گئے ۔ تمام شعبہ جات کے کھلاڑیوں نے اپنی اپنی ٹیم کو جتوانے کے لیئے بھرپور کھیل کا مظاہر ہ کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد مرتضیٰ نے کہا نوجوانوں کے جوش و خروش اور کھیل کے میدان میں سپورٹس مین شپ کو دیکھ کر یقین ہوگیا ہے کہ خواجہ فرید یونیورسٹی کے طالب علم جس طرح تعلیمی میدان میں اپنی صلاحیتیں منواتے ہی اسی طرح کھیل کے میدان میں بھی وہ کسی سے کم نہیں ہیں۔

انہوں نے کہایہاں کی انتظامیہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی یونیورسٹی کو نمبر ون بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ گزشتہ روز کیو ایس اور یو آئی گرین میٹرک جیسی بین الاقوامی رینکنگز میں خواجہ فرید یونیورسٹی کی نمایاں پوزیشنز اس بات کا ثبوت ہے کہ یونیورسٹی ہر میدان میں بھرپور کارکردگی دکھا رہی ہے۔انہوں نے کہا نوجوانوں کو موبائل فونز اور انڈور گیمز سے سرسبز میدانوں میں لانا وقت کی ضرورت ہے ۔

کھیل کے میدان آباد ہوں گے تبھی ہسپتال ویران ہوں گے ۔ جو لوگ آج پوزیشنز حاصل کرنے میں رہ گئے انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔ اسے حوصلے اور جرات مندی سے قبول کرنا اصل بہادری ہے ۔آپ لوگوں کو چاہئے کہ آپ عملی زندگی کے اتار چڑھاو کا بھی حوصلے اور جرات مندی سے سامنا کریں۔ دیگر مہمانوں نے بھی شاندار ایونٹ سجانے پر ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر عدنان ، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس یاسر علی سمیت تمام انتظامیہ ،اساتذہ اور خاص طور پر طلبہ کو مبارکباد پیش کی ۔

اس موقع پرپرنسپل خواجہ فرید کالج ڈاکٹر خالد محمود، پرنسپل آرمی پبلک سکول و کالج لیفٹیننٹ کرنل زاہد محمود، پرنسپل دانش سکول (بوائز) لیفٹیننٹ کرنل شاہد بشیر،پرنسپل دانش سکول (گرلز)روبینہ بدر،رجسٹرار ڈاکٹرمحمد صغیر،ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹرعدنان باجوہ، ڈپٹی ڈائریکٹرسپورٹس یاسرعلی،ڈائریکٹرانسٹی ٹیوٹ آف ہیومینیٹز اینڈ آرٹس محمد انور فاروق، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرزڈاکٹر محمد اسلم خان،ڈاکٹر بلال طاہر،ڈاکٹر یاسر نیاز، ڈاکٹر جلات خان،ڈاکٹر میاں طارق محمود سمیت دیگر ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹس، فیکلٹی ممبرز اور طلبا وطالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

آخر میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے جب کہ منتظمین میں تعریفی اسناد بانٹی گئیں۔\378

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں