چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی کا امتحان میٹرک فرسٹ اینول 2024 ء کے سلسلہ میں مختلف سکولوں کا دورہ

پیر 11 مارچ 2024 23:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2024ء) چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے امتحان میٹرک فرسٹ اینول 2024 ء کے سلسلہ میں مختلف سکولوں کا دورہ کیا۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ نے ایم سی گرلز ہائی سکول سیٹلائٹ ٹاؤن، جامع ہائی سکول بوائز و گرلز، عریبک پبلک سکول راولپنڈی اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول دوبیرن کلاں کے دورہ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے طلباء و طالبات وطن عزیز کا مستقبل اور سرمایہ ہیں ، ان کی سال بھر کی محنت اور قابلیت کی منصفانہ جانچ کیلئے بورڈ نے نہایت ذمہ دارانہ انداز میں فول پروف اقدامات اُٹھائے ہیں اور اچھی شہرت کے حامل اساتذہ کو امتحانی فرائض سونپے گئے ہیں ، نگران امتحانی عملے کو شفافیت اور ایمانداری کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

کنٹرولر امتحانات پروفیسر ساجد محمود فاروقی نے بھی گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چوآسیدن شاہ، گورنمنٹ بوائز و گرلز ہائی سکول کھیوڑہ، گورنمنٹ گرلز و بوائز ہائی سکول دریالہ جالپ کا دورہ کیا۔ دورے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام امتحانی مراکز میں دفعہ 144 نافذ ہے، تمام پرچے ڈیٹ شیٹ کے مطابق لئے جا رہے ہیں، دور دراز کے امتحانی مراکز میں پانچ دس منٹ کی تاخیر سے شروع ہونے والے پرچوں میں طلباء کو تاخیر کے مطابق اضافی وقت دے دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا اس سلسلہ میں تمام سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو واضح ہدایات دی جا چکی ہیں اور وہ ان ہدایات پر عملد دارآمد یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں