بارانی زرعی یونیورسٹی میں بین الاقوامی لٹریسی ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد

منگل 23 اپریل 2024 18:49

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے شعبہ تعلیم کے زیر نگرانی بین الاقوامی لٹریسی ایوارڈ 2024 کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام ایرڈ لٹریسی سکول کے 10 سال مکمل ہونے پر منعقد کیا گیااور اس کا مقصد ان تمام شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے اس کار خیر میں حصہ ڈالا اور نمایاں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

ایرڈ لٹریسی سکول کا آغاز 2013 میں ہوا، پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے رئیس جامعہ نے اس مقدس مشن کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد ان بچوں کی نشاندہی کرنا تھا جو کسی بھی وجہ سے اپنی تعلیم نامکمل چھوڑ کر گھروں میں بیٹھے تھے تو ان بچوں کی تعلیم تک رسائی کو ممکن بنانا تھا۔

(جاری ہے)

اس مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبرز اور انتظامیہ نے اپنی مدد آپ کے تحت اس کام کی شروعات کیں۔

اس کے علاوہ جرمن ایسوسی ایشن گبز بھی اس مقدس مشن کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ان کے تعاون سے آٹھ مختلف پراجیکٹس بھی پایہ تکمیل کو پہنچے۔ اس پروگرام کے مہمانان خصوصی رئیس جامعہ کوہاٹ یونیورسٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر نصیر الدین، ڈاکٹر غلام مصطفی نمائندہ جرمن ایسوسی ایشن گبز اور رئیس جامعہ پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران یوسف نے سکول کی 10 سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی اور سب کی کاوشوں کو سراہا۔ ایرڈ لٹریسی سکول کے طلبہ نے مختلف پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہو ئے اس پروگرام کو چار چاند لگا دیئے، اس پروگرام میں نمایاں شخصیت کو گبز کی طرف سے بین الاقوامی لٹریسی ایوارڈ ز 2024، سرٹیفکیٹس اور انعامی رقم سے بھی نوازا گیا۔ ان نمایاں شخصیات میں پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران یوسف چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن، ڈاکٹر قیصرہ پروین انچارج ایرڈ لٹریسی سکول، وہاڑی سے ڈاکٹر رضوانہ طاہر اور ثمینہ ناز شامل تھیں۔

بعدازاں اس مشن سے جڑے اساتذہ میں بھی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے جن میں ڈاکٹر تحسین احسان، ڈاکٹر مہوش جبین، نشوا شریف اور فوزیہ اقبال شامل تھے۔ دس سال مکمل ہونے کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں