چیئرمین راولپنڈی تعلیمی بورڈ محمد عدنان خان کا مختلف امتحانی مراکز کا دورہ، انتظامات کا جائزہ لیا

بدھ 15 مئی 2024 23:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹI سالانہ 2024ء کے سلسلہ میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے امتحانی مراکز کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد عدنان خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹIخوش اسلوبی سے منعقد ہو رہا ہے، تمام امتحانی مراکز کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، میرٹ اور شفافیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے زیرو ٹالرنس پالیسی کے مطابق ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر باہمی حکمت عملی سے بوٹی مافیا کو شکست فاش دینے میں کامیاب ہوئے۔

آخر میں انہوں نے امتحانی عملے کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض منصبی انتہائی ایمانداری اور دیانتداری سے سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

امتحانی ڈیوٹی ایک قومی فریضہ ہے جس کی ادائیگی کیلئے ہم سب کو ہمہ وقت تیار رہنا چاہئے اور خلوصِ نیت سے اسے سرانجام دینا چاہئے۔ پروفیسر ساجد محمود فاروقی نے امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے سلسلہ میں گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول ڈومیلی، گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فاربوائز سوہاوہ، گورنمنٹ ایسو سی ایٹ کالج فار وویمن سوہاوہ، گور نمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دینہ، پنجاب کالج دینہ، گورنمنٹ ایسو سی ایٹ کالج فاروویمن جہلم (سینٹر اے، بی)، گورنمنٹ کالج ٹالیاں والا جہلم، گورنمنٹ ایسو سی ایٹ کالج فار وویمن سول لائنزجہلم، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول نمبر1جہلم کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران انہوں نے آر آئی، موبائل انسپکٹر کی حاضری کو چیک کیا۔ سی سی ٹی وی کیمرے اور سیکورٹی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ دورے کے بعد امتحانی عملے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے آپ کو انتہائی حساس نوعیت کی ذمہ داری سونپی ہے۔ سب کو چاہئے کہ اپنی ذمہ داری بااحسن طریقے سے سرانجام دیں تاکہ تعلیمی بورڈ نے جو آپ پر اعتماد کیا ہے آپ اس پر پورا اتر سکیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں