پی آئی اے نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنی لندن سے لاہور کی پرواز پی کے 758 کو ہنگامی طور پر ماسکو میں لینڈ کرایا

سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک اور ڈرایکٹر فلائیٹ آپریشنز کیپٹن عزیر خان کا کیپٹن خالد انور اور پرواز کے عملے کے لئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان

جمعرات 22 اگست 2019 14:02

پی آئی اے نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنی لندن سے لاہور کی پرواز پی کے 758 کو ہنگامی طور پر ماسکو میں لینڈ کرایا
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2019ء) پی آئی اے نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنی لندن سے لاہور کی پرواز پی کے 758 کو ہنگامی طور پر ماسکو میں لینڈ کرایا۔ترجمان کے مطابق خاتون مسافر شہناز اختر اطالوی شہری کو دوران پرواز دل کے عارضے کی شکایت پیدا ہوئی۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے عملے نے شہناز اختر کوابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

ترجمان کے مطابق طبیعت زیادہ خراب ہونے پر کیپٹن خالد انور نے طیارے میں موجود ڈاکٹروں سے مدد طلب کی۔ترجمان کے مطابق تینوں ڈاکٹروں کی متفقہ رائے پر کیپٹن خالد انور نے نہایت مہارت سے طیارے کو نزدیکی ایئر پورٹ ماسکو میں اتارا۔ترجمان کے مطابق کیپٹن خالد انور کے ماسکو ائیر پورٹ پر فوری اور موثر رابطے کے باعث مسافر کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ماسکو میں دو گھنٹے کے وقفے کے بعد طیارہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 15۔4 پر ماسکو سے لاہور کے لئے روانہ ہوا۔ترجمان کے مطابق ماسکو سے روانگی پر مسافر کی طبیعت سنبھلنے اور خطرے سے مکمل طور پر باہر ہونے کی اطمینان بخش اطلاعات موصول ہوئیں۔ترجمان نے بتایاکہ مسافر کے گھر والوں کو لاہور میں مطلع کر دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک اور ڈرایکٹر فلائیٹ آپریشنز کیپٹن عزیر خان نے کیپٹن خالد انور اور پرواز کے عملے کے لئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں