راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کیپیٹل لائیسیم سکول میں ستھرا پنجاب صفائی آگاہی سیشن کا انعقاد

منگل 14 مئی 2024 21:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے کیپیٹل لائیسیم سکول سکستھ روڈمیں ستھرا پنجاب صفائی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔ سیشن میں چیئرمین آر ڈبلیو ایم سی ثاقب رفیق ،چیئرمین کیپٹل لائیسیم سکول ڈاکٹر محمد عبیداللہ،محمد فیضان،نائب صدر آر سی سی آئی فیصل شہزاد، ٹیچنگ سٹاف اورطلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

سیشن میں سٹوڈنٹس سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین آر ڈبلیو ایم سی نے کہا کہ سٹوڈنٹس ہمارے سفیر اوررضاکاربن کر شہر کی صفائی میں معاون بنیں،شکایات کے اندراج کیلئے ہمارے ہیلپ لائن نمبر 1139،اینڈرائیڈ ایپ کلین راولپنڈی ،سوشل میڈیا اکائونٹس سے اپنے گھروالوں اور اہل محلہ و دیگر شہریوں کو مطلع کریں تاکہ ہم سب مل کر شہر کو زیرو ویسٹ کریں۔

(جاری ہے)

لاکھوں کی آبادی میں چند ہزار ورکرز کافی نہیں، آپ سب کو ہماری مدد کرنا ہو گی۔ اپنے علاقوں میں صفائی نہ ہونے پر ہمیں ان فورمز کے ذریعے بتائیں تاکہ ہم بروقت اس شکایت کا ازالہ کرسکیں۔راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاصفائی کا پیغام گھروں تک پہنچائیں اور اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ گلی محلے اور شہرکی صفائی کا بھی خاص خیال رکھیں۔سموگ روکنے کیلئے خود کوڑا کرکٹ جلائیں نہ کسی اور کو جلانے دیں،ڈینگی سے بچائو کیلئے کہیں پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔

انہوں نے کہا کہ صفائی ورکرزاپنی چھٹیوں کی قربانی دے کر آپکے شہر کی صفائی میں مصروف رہتے ہیں، ان کا احترام کریں ۔ان کے کام میں آسانی کیلئے کوڑا کرکٹ کو کوڑادان تک پہنچائیں، بچے سکول جاتے وقت ویسٹ بیگ اپنے ساتھ رکھیں ، تمام ریپرز اور دیگرکچرا اس میں ڈالیں اور جہاں ویسٹ کنٹینرز نظر آئیں اس ویسٹ بیگ کو اس میں ڈال دیں ۔چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے کہا کہ تمام سٹوڈنٹس خود بھی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہیلپ لائن نمبر 1139،کلین راولپنڈی موبائل ایپ اور ہمارے سوشل میڈیا اکائونٹس پر صفائی سے متعلق شکایات کااندراج کراکر شہر کی صفائی میں ہماری مددکریں ۔

چیئرمین کیپیٹل لائیسیم سکول ڈاکٹر محمد عبیداللہ نے اپنے خطاب میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ستھرا پنجاب مہم میں ساتھ ہیں ۔آگاہی سیشن میں آر ڈبلیو ایم سی کی کمیونیکیشن اینڈ سوشل موبلائزیشن ٹیم کے ارکان نے سٹوڈنٹس میں معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کئے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں