کنزیومر کورٹس عوامی ریلیف کا بہت بڑا ذریعہ ہیں، کمشنر راولپنڈی ڈویژن

بدھ 15 مئی 2024 16:29

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ کنزیومر کورٹس عوامی ریلیف کا بہت بڑا ذریعہ ہیں، صارفین کے حقوق کی حفاظت کیلئے کنزیومر پروٹیکشن میں بہت مضبوط قوانین موجود ہیں جن کے استعمال کیلئے عوامی آگاہی کی ضرورت ہے، عوام کو آگاہی دی جائے کہ وہ کیسے یہاں پر اپنی شکایات درج کر کے فوری ریسپانس لے سکتے ہیں۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کے زیر صدارت ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا جائزہ اجلاس ہوا ۔اجلاس میں کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کنزیومر کورٹس / کنزیومر پروٹیکشن کونسلز کو بھرپور فعال کریں۔ کمشنر آفس میں پی آئی ٹی بی کی مدد سے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم بنایا جارہا ہے جس سے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت موصول شدہ درخواست کی ٹریسنگ ہو سکے گی کہ کس دفتر نے پراسیس میں کتنا وقت لگایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز پرائس مجسٹریٹس کی تعداد، ایریا کی میپنگ کے ساتھ یقینی بنائیں کہ وہ اپنے دائرہ کار میں آنے والے تمام ایریا کی چیکنگ کر رہے ہیں۔آئندہ جائزہ اجلاس میں تمام دفاتر کے ذمے موجود پینڈنگ این او سیز کا سٹیٹس بھی دکھایا جائے نیز پینڈنسی کی تفصیلی وجہ بھی درج ہونی چاہئے ۔کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈویژن بھر میں موصول شکایات پر کل 66 مین ہولز کوکور کیا گیا،سٹریٹس لائٹس 1108 میں سے 854 فعال کی گئی،بلاک ڈرینز کے حوالے سے 224 شکایات میں سے 141 کو کلیئر کیا گیا۔

کمشنر نے مزید کہا کہ ڈویژن بھر میں پتیری روٹی کی قیمت 15 روپے مقرر کر دی گئی ہے،روٹی کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کے لئے 142 پرائس مجسٹریٹس نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 947 تندوروں کی چیکنگ کی،اس دوران 97 خلاف ورزیاں رپورٹ ہونے پر 02 لاکھ 40 ہزار جرمانہ اور 12 افراد گرفتار کیے گئے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 7337 چھاپوں کے دوران 167 جگہوں پر اوورچارجنگ کی شکایات درج کی گیئں جبکہ اوورچاجنگ کے خلاف کارروائی میں ساڑھے 06 لاکھ کا جرمانہ، 02 ایف آئی آرز، 02 عمارتیں سیل اور 46 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں