ملکی معاشی استحکام میں تاجر برادری کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، بابر سرفراز الپا

جمعرات 16 مئی 2024 18:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) ریجنل پولیس افسر راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے کہا ہے کہ ملکی معاشی استحکام میں تاجر برادری کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، تاجر برادری معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،تاجروں کو جن مسائل کا سامنا ہے وہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے مقرر کردہ فوکل پرسنز کومزید متحرک کیا جائے گا،کرائم کنٹرول کرنے کے لئے گشت کے نظام کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے، خواتین سے متعلقہ بازاروں میں لیڈی پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر انجمن تاجران شرجیل میر کی قیادت میں تاجران کے وفد میں شیخ سہیل صدر انجمن تاجران کالج روڈ،طاہر تاج بھٹی،محمد رفیق شاہ،محمد رضوان،کمال پاشا، حاجی ارشد، حاجی اشرف، حاجی عبدا لوہاب، امتیاز عباسی، راجہ حق نواز،ملک یعقوب،منور اور چوہدری شوکت شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران راولپنڈی شہر میں جرائم کی مجموعی صورتحال،ٹریفک کے مسائل اور دیگرمتعلقہ امور کو زیر بحث لایا گیا۔ صدر انجمن تاجران شرجیل میر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجربرادری کی پولیس و ضلعی انتظامیہ سے ہر ممکن معاونت ہمیشہ کی طرح جاری رہے گی۔ملاقات میں شامل وفد نے باری باری اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مختلف مسائل اور ان کے حل کے لئے تجاویز پیش کیں۔

ریجنل پولیس افسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کے ساتھ باقاعدہ میٹنگ کر یں گے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے آر پی او نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بازاروں میں ٹریفک کے رش کی صورت میں اضافی نفری کو تعینات کیا جائے اور ٹریفک کے بہاؤکو برقرار رکھا جائے مزید بازاروں میں ناجائز تجاوزا ت کے خاتمے کیلئے متعلقہ حکام کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں