قائداعظم ون ڈے کپ، پی ٹی وی نے راولپنڈی کو ہرا کر فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی، اسلام آباد نے پہلی فتح کا مزہ چکھ لیا، سعود شکیل اور فہد اقبال کی شاندار سنچریاں

اتوار 23 ستمبر 2018 18:40

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) قائد اعظم ون ڈے کرکٹ کپ میں سعود شکیل کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت پی ٹی وی نے راولپنڈی ریمز کو 8 وکٹوں سے ہرا کر فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی، فاتح ٹیم نے 263 رنز کا ہدف 44.5 اوورز میں محض 2 وکٹوں پر حاصل کیا، سعود شکیل 100 اور عبدالرزاق 58 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، اسلام آباد نے ایس این جی پی ایل کو ہرا کر پہلی فتح کا مزہ چکھ لیا۔

قائداعظم ون ڈے کپ کے سلسلے میں راولپنڈی میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں راولپنڈی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 262 رنز بنائے، طیب ریاض 84 رنز بنا کر نمایاں رہے، سرمد حمید 43، کپتان عمر وحید 41، مختار احمد اور عمیر مسعود 17، 17 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کاشف علی 22 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، عامر جمال نے 3، رضا حسن اور محمد عرفان نے 2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں پی ٹی وی نے مطلوبہ ہدف 45ویں اوور میں 2 وکٹوں پر پورا کیا، نہال منصور 72 اور علی عمران 21 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو سعود شکیل اور عبدالرزاق حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی، سعود 100 اور عبدالرزاق 58 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، آصف علی اور محمد اسماعیل نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں اسلام آباد نے سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر متواتر دو شکستوں کے بعد پہلی کامیابی حاصل کی، ایس این جی پی ایل کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.4 اوورز میں 294 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، محمد رضوان 59 اور کپتان محمد حفیظ 56 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد ندیم نے 3، شہزاد اعظم اور عماد وسیم نے 2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں اسلام آباد نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر 4 وکٹوں پر حاصل کیا، فہد اقبال نے 108 رنز کی ناقابل شکست سنچری بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، فیضان ریاض 84 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، راحت علی اور محمد حفیظ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں