ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پریونیورسٹی آف سرگودھا کے علامہ اقبال کیمپس میں شجر کاری مہم کا آغاز

پیر 22 اپریل 2024 18:21

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پر ماحولیاتی شعور اُجاگر کرنے کیلئے یونیورسٹی آف سرگودھا کے علامہ اقبال کیمپس میں شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے پودا لگا کر کیا۔اس موقع پر ہارٹیکلچر آفیسر ڈاکٹر راشد مختا ر سمیت مختلف تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے صدور اور محکمہ جنگلات کے افسران بھی موجود تھے۔

شجر کاری مہم کے تحت علامہ اقبال کیمپس میں محکمہ جنگلات کے تعاون سے مختلف اقسام کے500سے زائد پودے لگائے جائیں گے جن کا مقصد زمین سے محبت کا اظہار، قدرتی ماحول کو فروغ دینا اور ماحولیاتی تبدیلیوں میں کمی لانے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے کہا کہ ماحول دوست رویوں کو فروغ دینا ہماری بقاء اور سلامتی کیلئے نہایت ضروری ہے، ہم سب پر ذُمہ داری عائد ہوتی ہے کہ عوام میں ماحولیاتی آگاہی پیدا کریں اور ملک کو درپیش ماحولیاتی خطرات میں کمی لانے کیلئے ہر فرد شجر کاری کو فروغ دے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا اور ان کے کیمپسز کو سر سبز بنانے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ طلبہ کو بھی پودے لگانے کی ترغیب دی جا رہی ہے کیونکہ شجر کاری بائیوڈائیورسٹی کے تحفظ کا بہترین ذریعہ ہے۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے مزید کہا کہ یومِ ِارض ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ ہم سب ایک ہی زمین پر رہنے والے ہیں اور اپنی دھرتی کی حفاظت، اس کی خوبصورتی کا تحفظ اور خوبصورتی میں اضافہ ہم سب کی ذُمہ داری ہے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں