پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ڈویژن سطح پر"پہلا پنجاب موسیقی مقابلہ " 18مئی سے شروع ہوگا

منگل 14 مئی 2024 18:35

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) پنجاب کونسل آف دی آرٹس سرگودھا ڈویژن کے زیر اِہتمام "پہلا پنجاب موسیقی مقابلہ 2024ء " 18مئی سے شروع ہوگا۔ پہلے مرحلہ میں خوشاب ضلعی مقابلہ 18 مئی کو ضلع کونسل ہال خوشاب میں 1بجے دن ہوگا جس کے مہمان ِخصوصی ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا ہونگے۔دوسرا مرحلہ ضلع میانوالی میں 20 مئی سے میونسپل کمیٹی ہال میانوالی میں منعقد ہوگا جس کے مہمان ِ خصوصی ڈپٹی کمشنرمیانوالی خالد جاوید گورائیہ ہونگے۔

تیسرا مرحلہ ضلع بھکرمیں21مئی کو ضلع کونسل ہال بھکر میں شروع ہوگا جس کے مہمان ِخصوصی ڈپٹی کمشنر بھکر علی اکبر بھنڈر ہونگے۔اسی طرح ضلع سرگودھا میں 22مئی بدھ کو سرگودھا آرٹس کونسل مین ہال میں ایونٹ منعقد ہو گا جس کے مہمان خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس لاہور سید بلال حیدر اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن(ر)اورنگزیب حیدر خا ن ہونگے۔

(جاری ہے)

مقابلوں میں شرکت کے لیے اُمیدواروں کی عمر 14 تا 30 سال مقرر ہے، مقابلہ میں عارفانہ کلام،ملی نغمے،لوک گیت اور مروجہ موسیقی کی تمام اصناف گانے کی اجازت ہوگی۔ ضلعی سطح پر پوزیشن ہولڈر اول ، دوم اور سوم کو کیش انعامات دیئے جائیں گے۔ 23 مئی بروز جمعرات بمقام سرگودھا آرٹس کونسل کے مین ہال میں بوقت 1بجے دن ضلعی سطح کے مقابلوں میں جیتنے والے امیدواران کے درمیان ڈویژن کی سطح کا مقابلہ منعقد کروایا جائے گا جس کے مہمان خصوصی محمد اجمل بھٹی کمشنر سرگودھا ڈویژن ہونگے۔

ڈویژنل سطح کے مقابلے جیتنے والے امیدوار صوبائی سطح کے مقابلہ میں 22 جون بروز ہفتہ لاہور میں شرکت کریں گے۔ ضلعی اور ڈویژنل سطح کے مقابلہ جات میں ججز کے فرائض معروف سنگر کامران عیسیٰ خیلوی، معروف سنگر کاشف علی کیکے اور معروف گلوکارہ شبانہ کوثر سر انجام دیں گی۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں