کمشنر اور آر پی او کا ڈی ایچ کیو ہسپتال خوشاب کادورہ، سون ویلی حادثے کے زخمیوں کی عیادت

اتوار 19 مئی 2024 16:30

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2024ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی اور ریجنل پولیس آفیسر شارق کمال صدیقی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال خوشاب کا دورہ کیا اور سون ویلی حادثے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ اُنہوں نے حادثے پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر نے زخمیوں کو مالی امداد کے چیک بھی دیے۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ حادثے میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ جبکہ 15 افراد زخمی ہیں جن میں سے پانچ زخمی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال نوشہرہ جبکہ 8 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خوشاب میں زیر ِعلاج ہیں اور دو شدید زخمیوں کو فیصل آباد ہسپتال بھجوایا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب توقیر محمد بھی موجود تھے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں