سیالکوٹ میں کسانوں کو سبسڈی پر زرعی آلات فراہمی کیلئے قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد

جمعہ 17 مئی 2024 17:53

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) وزیرا علی پنجاب کے انسداد سموگ پروگرام کے تحت کسانوں کو 60فیصد سبسڈی پر زرعی آلات فراہمی کیلئے قرعہ اندازی کی تقریب جناح ہال سیالکوٹ قلعہ منعقد ہوئی، رکن پنجاب اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال مہمانان خصوصی تھے، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع رانا قربان علی خاں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ مزمل چاند بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعلی پنجاب کے خصوصی پروگرام کے تحت سپر سیڈر/پاک سیڈر کے لئے 353کسانوں نے درخواست دی تھی، ان میں سے 328 خوش نصیب کسانوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا، قرعہ انداز ی میں منتخب ہونے والے ہر کسان کو ساڑھے تیرہ لاکھ روپے مالیتی سپر سیڈر/پاک سیڈر پر مجموعی طور پر آٹھ لاکھ دس ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

دریں اثناء رائس شیڈر کے لئے تمام 45درخواست دہندگان کو منتخب کر لیا گیا ہے پانچ لاکھ 25ہزار روپے مالیتی ہر رائس شیڈر پر حکومت پنجاب تین لاکھ 15ہزار روپے سبسڈی دیگی۔

ایم پی اے چوہدری فیصل اکرام، اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال نے اس موقع پر قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے کسانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ وزیرا علی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبائی حکومت صوبے میں زرعی اصلاحات کے نفاذ اور جدید زرعی مشینری کے استعمال کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان زرعی آلات کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب کروڑوں روپے کی سبسڈی دے گی جس کا مقصد فصلوں کی باقیات کو جلانے کے رجحان کی روک تھام، سموگ پر کنٹرول اور آتشزدگی کیوجہ سے زرعی زمین کی زرخیزی کو متاثر ہونے سے بچانا ہے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں