ایڈمنسٹریٹرسکھر کی واٹر ٹینکرز کے مقرر کردہ نرخوں کے حوالے سے خبروں کی تردید

جمعہ 2 اکتوبر 2020 16:52

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2020ء) ایڈمنسٹریٹر سکھر میونسپل کارپوریشن نثار احمد میمن نے واٹر ٹینکرز کے مقرر کردہ نرخوں کے حوالے سے الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر چلنے والی غلط خبروں کی ایک بار پھر سختی سے تردید کی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر سکھر نے اپنے جاری کردہ بیان میں نوٹیفکیشن کے حوالے سے مزید وضاحت کی ہے کہ ہم نے نئے نرخ مقرر نہیں کئے بلکہ سن 1976 ء میں مقرر کئے گئے نرخوں کو پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ریوائز کیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ اس سے قبل بھی اس حوالے سے وضاحتی بیان جاری کرچکا ہوں مگر اس کے باوجود غلط تاثر پیدا کیا جارہا ہے ‘ بلدیہ اعلیٰ سکھر اپنے ہزاروں صارفین کو بلاتعطل بذریعہ واٹر سپلائی پانی فراہم کررہی ہے جبکہ کسی تکنیکی وجہ سے فراہمی آب سے متاثرہ علاقوں میں بلامعاوضہ واٹر ٹینکرز کے ذریعے پانی فراہم کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک بار پھر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوٹیفکیشن میں واٹر ٹینکرز کے مقرر کئے گئے نرخ صرف کمرشل استعمال پر ہی وصول کئے جائیں گے ‘ فیکٹریز ‘ شادی ہالز ‘ ہوٹلز ‘ پلازوں یا کسی اور کمرشل استعمال کیلئے بلامعاوضہ واٹر ٹینکرز فراہم کرنا ہماری ذمہ داری نہیں لہٰذا کمرشل استعمال کرنے والوں کو نرخ ادا کرنا ہونگے البتہ قلت آب والے علاقوں ‘ لائن پھٹ جانے یا کسی اور ہنگامی صورتحال کی وجہ سے شہر کے جن علاقوں میں پانی کی ضرورت ہوگی بلدیہ اعلیٰ سکھر عوام کو حسب معمول بلا معاوضہ واٹر ٹینکرز فراہم کرے گی کیونکہ عام شہریوں کو پانی کی فراہمی بلدیہ کی ذمہ داری ہے اور ہم اسے احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں