میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی تاجران سکھر کے وفد سے ملاقات

منگل 18 دسمبر 2018 19:42

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی تاجران سکھر کے وفد سے ملاقات ‘ تجاوزات سمیت شہر ی مسائل زیر بحث آئے۔جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق تاجر رہنما حاجی ہارون میمن کی سربراہی میں آل سکھر اسمال ٹریڈرز کے وفد نے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ سے ملاقات کی جس میں تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک جام اور دیگر مسائل پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر ٹیکسیشن آفیسر خالد جتوئی سمیت دیگر میونسپل افسران بھی موجود تھے۔ میئر سکھر نے تاجران سکھر کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا شہر میں قائم تجاوزات کے باعث ٹریفک جام سمیت کئی مسائل درپیش ہیں جس کے لئے تجاوزات کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سلسلے میں آپ سے اپیل ہے کہ سکھر میونسپل کارپوریشن کے ساتھ تعاون کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکھر ہمارا شہر ہے اور ہم سب کو اسے اون کرنا ہوگا تاکہ درپیش مسائل سے چھٹکارا حاصل کرسکیں‘ منتخب بلدیاتی قیادت شہری مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے ‘ تاجر حضرات بھی شہری مسائل کے حل میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات میں تعاون کریں اور ناجائز تجاوزات کو از خود ختم کرلیں کیونکہ تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہورہی ہے جس سے شہریوں کو نہ صرف مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ شہری ذہنی اذیت اور کوفت سے بھی دو چار ہورہے ہیں۔

میئر سکھر نے کہا کہ ہمیں شہریوں کو درپیش مشکلات کا مکمل ادراک ہے اور اسی لئے شہر میں ٹریفک کی روانی میں بہتری لانے کے لئے ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ہم عدالتی احکامات پر بھی عملدر آمد کے پابند ہے۔ اس موقع پر تاجر رہنما?ں نے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کو تجاوزات کے خلاف آپریشن میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جس پر میئر سکھر نے تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں