ریجنل بلڈ سینٹر سکھر کے تعاون سے موٹر وے پولیس کے افسران و جوانوں نے خون کے عطیات دیے

جمعہ 25 ستمبر 2020 18:13

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2020ء) ریجنل بلڈ سینٹر سکھر کے تعاون سے موٹر وے پولیس کے افسران و جوانوں نے خون کے عطیات دیے، خون کے عطیات دینے کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت اور ایک ذمہ دار پولیس فورس ہونے کا ثبوت دینا تھا،افسران کااظہار خیال تفصیلات کے مطابق موٹر وے ہیڈ کواٹر سکھر میں ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو نے سیکٹر سکھر کے افسران و ملازمین کے ہمراہ ایک روزہ خون کے عطیات کے کیمپ میں حصہ لیتے ہوئے خون کے عطیات دیے، اس موقع پر ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو نے اپنے افسران اور جوانوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیا، ان کاکہنا تھا کہ موٹر وے پولیس نیشنل ہائی وے یا موٹر وے پر مسافروں کی جان و مال کی حفاظت میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے، لیکن اب موٹر وے پولیس انسانی جانوں کو بچانے کے لئے بھی اپنا ہر ممکن کردار ادا کرے گی، آج کا کیمپ اسی سلسلے کی ایک چھوٹی سی انسانی خدمت ہے، موٹر وے پولیس تھلیسمیا کے مرض میں مبتلا بچوں، حادثات میں شدید زخمی ہونے والے افراد یا دیگر خون کے امراض میں مبتلا افراد کے لئے اپنے خون کا عطیہ دینے کا سلسلہ آگے بھی جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

کیمپ کے دوران سکھر سیکٹر این فائیو کے تمام ڈی ایس پیز، افسران و جوانوں نے بھرپور شرکت کرکے آئی جی موٹر وے پولیس کے مشن کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا، کیمپ کے موقع پر ریجنل بلڈ سینٹر کے کیمپ انچارج محمد افضل وسیر نے موٹر وے پولیس کا نہ صرف شکریہ ادا کیا بلکہ خون کے عطیات دینے میں جوانوں کے جذبے کو خوب سراہاتے ہوئے ایس ایس پی موٹر وے سے درخواست کی کہ اس طرح کے مزید کیمپوں کا انعقاد مستقبل میں بھی کرایا جائے تاکہ خون کے عطیات حاصل کرکے دکھی انسانیت کی خدمت اور جانوں کو بچانے میں موٹر وے پولیس اور آر بی سی اپنا کردار ادا کرتی رہے۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں