تاجروں کی مشاورت سے تجاوزات کا خاتمہ کرایا جائے گا، آصف ظفر چیمہ

جمعہ 3 فروری 2017 23:56

گوجرانوالہ۔3 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2017ء)چیف ٹریفک آفیسر گوجرانوالہ آصف ظفر چیمہ نے کہا ہے کہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے تاجروں کی مشاورت سے تمام ناجائز تجاوزات کا خاتمہ کرایا جائے گا۔ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کیلئے ’’شعور آگہی مہم‘‘ شروع کی گئی ہے۔ جس سے سکول و کالجز کے طلباء کو موٹر سائیکلیں چلاتے وقت ہیلمٹ پہننے کی افادیت، ون ویلنگ کے خوفناک انجام اور اشارے توڑنے کے نقصانات سے آگاہ کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ٹریفک پولیس کے اندر باقاعدہ ’’ایجوکیشن ونگ‘‘ نے اس حوالے سے قابل ستائش کارکردگی دکھائی ہے۔جی ٹی روڈ سمیت شیرانوالہ باغ ، چوک گوندلانوالہ، چوک نیائیں، چوک میلاد مصطفی و دیگر شاہراہوں سے چاند گاڑیوںکے ناجائز اڈے جلد ختم کرا دیئے جائیں گے۔ سٹلائیٹ ٹائون مارکیٹ میں ٹریفک کی بحالی کیلئے لفٹر کے ذریعے گاڑیوں کو اٹھایا جائے گا۔ نیز پارکنگ پلازہ چوک گوندلانوالہ کو جلد ازجلد فنکشنل کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو رابطہ کر کے ٹریفک کے رش کو بھی کم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’ گوجرانوالہ تاجر اتحاد ‘‘ کے وفد سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں