معروف ادیب اورناول نگار مظہر کلیم کی چھٹی برسی 26 مئی کو منائی جائے گی

ہفتہ 18 مئی 2024 13:22

ٹھٹھہ صادق آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) معروف ادیب اورناول نگار مظہر کلیم کی چھٹی برسی 26 مئی کو منائی جائے گی۔ مظہر کلیم 22 جولائی 1942ء کو ملتان میں پیدا ہوئے ان کا اصل نام مظہر نواز خان تھا تاہم وہ ادبی دنیا میں مظہر کلیم ایم اے کے نام سے معروف ہوئے۔ ممتاز جاسوسی ناول نگار ابن صفی کے انتقال کے بعد مظہر کلیم نے ان کے تخلیق کردہ لازوال کردار ’’علی عمران‘‘ کے نام سے مشہور ہونے والی عمران سیریز کو آگے بڑھایا اور اسے ایک نئی جہت دی۔

(جاری ہے)

مظہر کلیم کی عمران سیریز پر مبنی ناولوں کی کہانیاں ابن صفی کی کہانیوں سے مختلف تھیں اور انہوں نے بچوں کے لیے لکھے گئے ناولوں میں بھی بعض نئے کردار اور نام متعارف کرائے جو اپنے منفرد ناموں کی وجہ سے مقبول ہوئے۔چھن چھنگلو، انگلو بانگلو، چلوسک ملوسک ان کے ایسے کردار تھے جنہوں نے بچوں کو اپنی جانب متوجہ کیا۔مظہر کلیم نے نہ صرف چھ سو سے زائد ناول لکھے بلکہ وہ ریڈیوپاکستان ملتان کے معروف تفریحی و اصلاحی پروگرام ’’جمہوردی آواز‘‘ کے بھی میزبان رہے۔ مظہر کلیم 26 مئی 2018 کو انتقال کر گئے۔

متعلقہ عنوان :

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں