ٹوبہ ٹیک سنگھ، شہباز شریف کی کمالیہ آمد کے موقع پر سینکڑوں کاشتکاروں اور شہریوں کا شدید احتجاج

شہری نہروں کی بندش و بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ا حتجاج کر رہے تھے

اتوار 8 اپریل 2018 19:50

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی کمالیہ آمد کے موقع پر ضلع کے سینکڑوں کاشتکاروں اور شہریوں ںنے نہروں کی بندش و بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور دھرنا دیا ،کھیکھا بنگلہ کے مقام پر کاشتکاروں کا ایک بڑا اجتماع منعقد ہوا ،جہاں کسانوں نے نہر لوئر گوگیرہ برانچ کی تین ماہ سے غیر اعلانیہ بندش پرشدید احتجاج کرتے ہوئے حکمرانوں کے خلاف سخت نعرے بازی کی ،جبکہ اس موقع پر کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کسان رہنمائوں چوہدری محمد زبیر ،سیٹھ محمد طارق نے کہا کہ بھاگٹ اور کھیوڑہ مائنر ٹیل پر واقع ہیں اور زیر زمین پانی بھی انتہائی کڑوا اور ناقابل استعمال ہے ، نہروں کی بندش کی وجہ سے انسان اور حیوان پینے کے پانی کی انتہائی قلت کا شکار ہیں ، فصلات اجڑ چکی ہیں ،قحط سالی جیسی صورتحال پیدا ہوتی جارہی ہے ،لہذا ٹیل پر واقع ان سب ڈویژنوں کو وارہ بندی سے مستثنیٰ قرار دیا جائے ،واٹر الائونس کا یکساں ریٹ مقرر کیا جائے ،کھیکی اور شورکوٹ برانچ کے ہیڈ پر پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کو از سر نو درست کیا جائے ،حکومت کے اعلانات کے باوجود گندم کی خریداری میں بیوپاری کے کردار کو ختم نہیں کیا جارہا ،جسکی وجہ سے کسانوں کا استحصال ہورہا ہے ،پانی کی طویل بندش کی وجہ سے ان نہروں پر واقع کاشتکار ابھی تک کماد کی فصل بھی کاشت نہیں کرسکے ،کسان رہنمائوں نے اعلان کیا کہ اگر ہمارے مطالبات فوری تسلیم نہ کئے گئے تو ہم12اپریل کو ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھرپور احتجاجی مظاہرہ کریں گے ،اور اگر پھر بھی مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو لاہور اور اسلام آباد کی سڑکوں پر بھی احتجاج کریں گے ،جسکی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی،واضح رہے کہ مظاہرین وزیر اعلیٰ پنجاب کے جلسہ گاہ میں پہنچ کر احتجاج کرنا چاہتے تھے ،مگر مقامی انتظامیہ نے انہیں وہاں تک پہنچنے ہی نہیں دیا

متعلقہ عنوان :

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں