Rihanna

Rihanna

ریحانہ

ہارورڈیونیورسٹی کا ”سال کی انسا ن دوست شخصیت“ایوارڈ حاصل کرنے والی سپر اسٹار

بدھ 22 مئی 2019

 لیاقت علی جتوئی
پاپ اسٹار ،اداکارہ ،کامیاب بزنس وومن اور انسان دوست شخصیت ،ریحانہ 20فروری 1988کو جزیرہ بار باڈوس میں پیدا ہوئیں اور ان کا پورا نام”روبن ریحانہ فینٹی‘ ‘ہے ۔ریحانہ کی ابتدائی زندگی،ان کے والدین کی گھریلو نا چاکی اور والد کی نشے کی لت کے باعث منتشر رہی۔ریحانہ اپنے والدین کے گھریلو مسائل کے باعث، بچپن سے ہی ذہنی کرب میں مبتلا ہو گئی تھیں اور انھیں اکثر سر درد کا مسئلہ درپیش رہتا تھا۔

اس بات کو وہ اپنے دوستوں اور کلاس فیلوز سے چھپائے رکھتی تھیں کہ کہیں وہ انھیں’ایب نارمل‘نہ سمجھیں ۔’کبھی کسی کے سامنے یہ ظاہر نہیں ہونے دیا کہ میں کیا محسوس کرتی تھی ۔میں نے یہ بات اپنے اندر ہی چھپائے رکھی۔میں عام لڑکیوں کی طرح اسکول جاتی اورکسی کو خبر نہ ہوتی کہ مجھے کوئی مسئلہ درپیش تھا‘ریحانہ وہ دن یاد کرتے ہوئے بتاتی ہیں۔

(جاری ہے)


امریکا منتقلی
اپنے گھریلو مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ریحانہ نے بچپن میں ہی گلوکاری شروع کر دی تھی ۔ریحانہ نے اپنی دو کلاس فیلوز کے ساتھ ’گرل گروپ‘کا آغاز کیا۔جب وہ 15سال کی تھیں ،انھوں نے میوزک پروڈیوسر ایوان راجرز کو آڈیشن دیا،جو اپنی بیوی کے ساتھ جزیرے کے دورے پر آیا ہوا تھا ۔راجرز کو ریحانہ کی آواز اور خوب صورتی نے بہت متاثر کیا۔
’جس لمحہ ریحانہ کمرے میں داخل ہوئیں،ایسے محسوس ہوا جیسے باقی دو لڑکیاں وہاں وجود ہی نہیں رکھتی تھیں‘راجرز نے بعد میں ایک انٹرویو میں ریحانہ کی خوب صورتی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا ۔
گروپ کی ان دو لڑکیوں کے ساتھ ریحانہ کا ساتھ وہیں اختتام کو پہنچا۔چند ماہ بعد وہ راجرز اور اس کی فیملی کے ساتھ کنیکٹی کٹ منتقل ہو گئیں، اس وقت ریحانہ صرف 16سال کی تھیں۔
’بار باڈوس کو خیر باد کہنے کے بعد میں نے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا‘۔ریحانہ نے ایک انٹرویو میں کہا۔جنوری 2005میں راجرز نے لیجنڈری ریپ اسٹار’ جیزی‘ کے ساتھ ریحانہ کے آڈیشن کا بندوبست کیا،جواُن ہی دنوں jam Defریکارڈز کے صدر منتخب ہوئے تھے۔جیزی،ریحانہ کی پاور فل شخصیت اور گلوکاری سے اسی طرح فوری متاثر ہو کررہ گئے ،جیسے دوسال قبل راجرز متاثر ہو چکے تھے۔

آٹھ ماہ بعد اگست 2005میں ریحانہ کا پہلا سنگل’Pon Dy Replay‘ریلیز ہوا۔یہ ایک کلب ٹریک تھا،جو’بل بورڈسنگلز‘چارٹ میں دوسرے نمبر تک آنے میں کامیاب رہا،اس طرح ریحانہ کو اپنے پہلے ہی سنگل کے بعد Next up-and-comingپاپ اسٹار کے اعزاز سے نوازا گیا۔اسی ماہ ریحانہ کا پہلا البمMusic of the Sunریلیز ہوا۔یہ البم’بل بورڈ البمز‘چارٹ پر 10ویں نمبر پر آگیا۔اس میں ریحانہ کا ایک اور ہٹ سنگل''Lovin'That You Want If It's''بھی شامل تھا۔
اگلے سال ریحانہ کا دوسرا البم’اے گرل لائک می’ریلز ہوا ،جس میں دو بڑے ہٹ سنگلز
Unfaithfulاور SOSشامل تھے۔
SOSریحانہ کے کیرےئر کا پہلا نمبرون سنگل تھا۔
امیج تبدیلی
2007میں ریحانہ ایک’کیوٹ ٹین پاپ پرنسس‘امیج سے نکل کر اپنے تیسرے البمGood Girl Gone Badکے ساتھ ایک سپر اسٹار اور ’سیکس سمبل ‘کے طور پر سامنے آئیں،جس میں ’جیزی ‘کے ساتھ ان کا سپرہٹ سنگل Umbrellaبھی شامل تھا۔
یہ ٹریک ،بل بورڈ سنگلز چارٹ پر نمبر ون پوزیشن پر آنے میں کامیاب رہا، جس پر ریحانہ کو پہلا گریمی ایوارڈ بھی ملا۔البم چارٹ پر یہ دوسرے نمبر پر رہا۔اس کامیابی اور گریمی ایوارڈ کے بعد ریحانہ نئی منزلیں طے کرتی چلی گئیں۔اس کے اگلے سالGood Girls Gone Bad: Reloadedریلیز ہوا۔
2009میں Rated R، 2010میں Loud، 2011میں Talk That Talk،یہ سارے البمز کئی سپرہٹ سنگلز کے ساتھ کمرشل طور پر انتہائی کامیاب ثابت ہوئے۔
Talk That Talk
کے سنگل ’وی فاؤنڈلو‘پر انھیں بیسٹ شارٹ فارم میوزک ویڈیو کیٹیگری میں گریمی ایوارڈ بھی ملا۔
2010میں ریحانہ کا البمUnapologeticریلیز ہوا۔یہ البم ناصرف پا پ چارٹس میں نمبرون پوزیشن پر چھاگیا،بلکہ اس پر ریحانہ گریمی ایوارڈ حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہیں۔
فلمی کیرےئر
2012میں ریحانہ نے سائنس فکشن موویBattleshipمیں کام کیا،جب کہ 2015میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر اینیمیشن موویHomeمیں اپنی آواز دی۔
اسی سال یعنی 2015میں ریحانہ تاریخ کی پہلی آرٹسٹ بن گئی،جن کے سنگلز،انٹرنیٹ پر 10کروڑ بار اسٹریم یا ڈاؤن لوڈ کیے جاچکے ہیں ۔ان کے فروخت ہونے والے ریکارڈ ز کی تعداد 20کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔
انسان دوست سپر اسٹار
امریکا منتقل ہونے کے صرف دو سال بعد ہی 18سال کی عمر میں ریحانہ نے Believeفاؤنڈیشن قائم کی ،جس کے تحت وہ شدید بیمار یا خطر ناک بیماریوں میں مبتلا بچوں کی مدد کرتی تھیں۔
6سال بعد 2012میں انھوں نے اپنے’گرانڈپیرنٹس ‘کے نام پر ‘کلارا لائیونیل فاؤنڈیشن ‘کی بنیاد رکھی۔2016
میں ریحانہ نے اسی فاؤنڈیشن کے توسط سے بین الاقوامی ایڈووکیسی گروپ’ گلوبل سٹیزن ‘اور’گلوبل
 پارٹنر شپ فارایجوکیشن‘کے ساتھ ایک معاہدہ کیا،جس کے تحت وہ دنیا کے غریب ترین ممالک میں لڑکوں اور خصوصاً لڑکیوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے مل کر کام کریں گی۔

وہ یونیسف کے پروجیکٹ Tapکی سفیر بھی رہ چکی ہیں ،جس کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے پیسے اکٹھے کیے جاتے ہیں۔ریحانہ نے کوئین ایلزبتھ ہسپتال برج ٹاؤن،بار باڈوس میں جدید ترین سینٹر برائے او نکالوجی اینڈ نیو کلےئر میڈیسن تعمیر کروایا ہے ،جہاں چھاتی کے سرطان کی تشخیص اور علاج کیا جاتا ہے ۔ان ہی خدمات پر حال ہی میں ریحانہ کو ہارورڈیونیورسٹی کے Humanitarian of the yearایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔

Browse More Articles of Music