Eid Ul Fitr Pakistani Filmoon K Naam

Eid Ul Fitr Pakistani Filmoon K Naam

عید الفطر پاکستانی فلموں کے نام

”رانگ نمبر 2“نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

منگل 18 جون 2019

 وقار اشرف
خوشیوں کے تہوار عید الفطر پر سجنے والا فلمی دنگل اس بار پاکستانی فلموں کے نام رہا،مقابلے میں کوئی بھارتی فلم پاکستان میں ریلیز نہیں ہوئی تھی جبکہ دو ہالی وُد فلموں”الہٰ دین“اور ”گوڈزیلا“کو بھی پاکستانی فلموں نے آگے نہیں آنے دیا۔اس بار عید پر دوبڑی پاکستانی اُردو فلمیں یا سر نواز کی ”رانگ نمبر 2“ اور وجاہت رؤف کی ”چھلاوا“ریلیز ہوئیں۔
دونوں ہی بڑی کاسٹ اور بڑے بجٹ کی فلمیں ہیں۔
پروڈیوسر عمارہ حکمت اور ڈائریکٹر بلال لاشاری کی فلم”دی لچنڈ آف مولا جٹ“عدالتی معاملات کے باعث عید دوڑسے باہر ہو گئی تھی ورنہ تین بڑی پاکستانی فلموں میں مقابلہ ہوتا۔”رانگ نمبر 2“پہلی پوزیشن پر براجمان رہی ہے۔یہ فلم 2015ء میں ریلیز ہونے والی فلم ”رانگ نمبر “کا سیکوئل ہے جس میں نیلم منیر خان اور سمیع خان نے مرکزی کردار نبھائے ہیں۔

(جاری ہے)

”رانگ نمبر 2“ایک رومانٹک کامیڈی فلم ہے اور جاری کر دہ اعداد وشمار کے مطابق فلم نے عید کے پہلے روز ایک کروڑ 60لاکھ کا بزنس کیا ،دوسرے روز دو کروڑ تیس لاکھ سے تجاوز کر گیا تھا۔ تین روز کا مجموعی بزنس چھ کروڑ پچھتر لاکھ کے لگ بھگ تھا ۔فلم کے پروڈیوسر حسن ضیاء کے مطابق فلم نے عید کے پہلے روزپاکستان کے علاوہ بیرون ملک بھی 60لاکھ کا بزنس کیا اور ان سطور کی اشاعت تک فلم 5کروڑ سے زائد کا بزنس کر چکی ہے جس میں مزید اضافے کا امکان ہے ۔

اس طرح اس فلم نے باکس آفس پر جاری جمود کو توڑ دیا ہے اور سینما گھروں کی رونقیں کافی حد تک بحال ہو گئی ہیں۔ یہ فلم پاکستان میں آئی ایم جی سے اور بیرون ملک ایروز کے بینر تلے ریلیز کی گئی ہے جس میں نیلم منیر اور سمیع خان کی اداکاری کے ساتھ ساتھ کیمسٹری بھی پسند کی جارہی ہے ۔فلم کی موسیقی اور مکالموں نے بھی فلم بینوں کو متاثر کیا ہے ۔
فلم کے دیگر فنکاروں میں جاوید شیخ،محمود اسلم،نےئر اعجاز،دانش نواز،ثناء فخر شفقت چیمہ،فریحہ جبیں ،احمد حسن اور خود یا سر نواز کی اداکاری کو بھی فلم بین سراہ رہے ہیں۔فلم کی کاسٹ باکس آفس پر فلم کی کامیابی پر کافی خوش دکھائی دے رہی ہے ۔فلم کی کہانی یاسر نواز اور دانش نواز نے لکھی ہے جبکہ سکرین پہلے یاسر نواز اور محسن علی کا ہے ۔کہانی ایک امیر زادی زویا(نیلم منیرخان)کے گرد گھومتی ہے جو معاشرتی حیثیت میں اپنے سے کم ایک نوجوان (سمیع خان)کے ساتھ محبت کرنے لگتی ہے ۔

اس لواسٹوری کے دوران کئی نشیب وفراز بھی آتے ہیں لیکن خوشگوار اختتام ہوتا ہے ۔”رانگ نمبر “میں دانش تیمور اور سوہائی علی ابڑونے مرکزی کردار ادا کئے تھے لیکن اس بار مرکزی کاسٹ تبدیل کردی گئی۔ڈسٹری بیوشن کلب کے بینر تلے ریلیز ہونے والی اس رومانٹک کامیڈی فلم کی کہانی کے ساتھ ساتھ میوزک بھی پسند کیا گیا ہے ۔پہلا گانا”یاریاں “ہرش دیپ کورنے گایا ہے۔
فلم کا دوسراگانا”تو ہی ہر رنگ میں “بھی کافی پسند کیا گیا ہے ۔اسی فلم کا ایک اور گانا”گلی گلی “بھی پسند کیا گیا ہے جو ایک ڈانس نمبر ہے ۔اس میں خوب صورت اداکارہ یشمہ گل فلم کے دیگر فنکاروں کے ساتھ رقص کرتی دکھائی دیں۔
مہوش حیات اور اظفر رحمان کی ”چھلاوا“عید دنگل میں دوسرے نمبر پر رہی ہے ۔اگر چہ فلم کے بزنس کے حوالے سے کوئی اعداد وشمار جاری نہیں کئے گئے تاہم لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے فلم کو پسند کیا ہے ۔
محمود اسلم ،عاشر وجاہت اور عدنان شاہ ٹیپو بھی اس فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں ۔خوب صورت گانے،ڈانس نمبرز اور رنگ برنگے کپڑے فلم میں نظر آئے۔اگر چہ فلم کی کہانی روایتی ہے جو اکثر بالی وڈ اور لالی وڈ فلموں میں نظر آتی ہے لیکن رائٹر اسے بہتر طریقے سے لے کر چلا ہے ۔مہوش حیات اظفر رحمان پر پوری فلم میں ڈومینیٹ کرتی نظر آئی ہیں۔مہوش حیات اور اظفر رحمان اس سے قبل پاکستان کی پہلی ویب سیریز”عنایا“میں بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں،اگر چہ وہ ویب سیریز اپنے بولڈ موضوع کی وجہ سے زیادہ متاثر نہیں کر سکی تھی لیکن دونوں فنکاروں کی کیمسٹری پسند کی گئی تھی ،اب چھلاوا میں بھی دونوں کی کیمسٹری اچھی لگی ہے ۔
چھلاوا کی دیگر کاسٹ میں زارا نور عباس صدیقی ،اسد صدیقی اور محمود اسلم شامل ہیں ۔
اس طرح محمود اسلم عید پر ریلیز ہونے والی دو نوں فلموں میں اداکاری کرتے نظر آئے۔شیراز اُپل فلم کے میوزک ڈائریکٹر اور وہاب شاہ کو ریوگرافر ہیں ،فلم کی کہانی وجاہت رؤف نے لکھی ہے اور وہی پروڈیوسر ہیں۔ وجاہت رؤف اس سے قبل دو فلمیں”کراچی سے لاہور “اور”لاہور سے آگے“بنا چکے ہیں اور دونوں فلمیں نے باکس آفس پر اچھا بزنس کیا تھا۔
اس فلم کا پہلا ٹیزر 29مارچ کو سامنے آیا تھاجس میں دیسی شادی اور ڈانس نظر آیا جس سے اندازہ ہو گیا تھا کہ اس میں روایتی شادی بیاہ کو بھی دکھایا جائے گا۔زارا نور عباس صدیقی اور اسد صدیقی حقیقی میں بیوی ہیں اور فلم میں پہلی بار ایک ساتھ اداکاری کی ہے۔
عید پر 3پشتو فلموں ”دے تہ لوفری وائی“اور ”دے تہ بد معاش وئی“کے ساتھ ساتھ دو پنجابی فلمیں”شریکے دی اَگ“اور”پیشی گجراں دی“بھی ریلیز ہونا تھیں لیکن آخری وقت پر ڈائریکٹر مسعود بٹ کی فلم”پیشی گجراں دی“سنسر نہ ہونے کے باعث کی ریلیز موخر کر دی گئی ۔
ذرائع کے مطابق فلم کو محکمہ اطلاعات وثقافت پنجاب کی ہدایت پر پنجاب فلم سنسر بورڈ نے نمائش سے روکا ۔کہا جارہا ہے کہ فلم میں گجروں اور پٹھانوں کا تذکرہ تھا اور کئی مکالموں پر بھی اعتراض کیا گیا تھا ۔یہ بھی کہا گیا ہے کہ فلم میں کئی باتیں نیشنل ایکشن پلان کے بھی خلاف ہیں جس کی وجہ سے فلم فل بورڈ ہونے کے باوجود سنسر نہیں ہو سکی اور عید دوڑ سے باہر ہو گئی۔
اس حوالے سے فلم کے پروڈیوسر کا کہنا ہے کہ فلم سنسر بورڈ نے بلاوجہ میری فلم کو ریلیز ہونے سے روکا۔”پیشی گجراں دی“کے نمایاں فنکاروں میں معمر رانا،حیدر سلطان،نواز خان ،آفرین خان،اشرف خان ،شفقت چیمہ،اچھی خان ،جہانگیر جانی اور سینئر اداکارشاہد حمید شامل ہیں۔ناصر ادیب اس فلم کے مصنف ،طافو موسیقار اور شاعر الطاف باجوہ ہیں۔
”گاڈزیلا“نے نارتھ امریکن باکس آفس پر سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن پر قبضہ کیا ہوا ہے۔
بلاک بسٹر گاڈزیلا سیریز کی اس نئی ایکشن ڈرامہ فلم ’گاڈزیلا :کنگ آفی دی مونسٹرز“نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں 7ارب 16کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر لیا۔فلم میں ہدایتکاری مائیکل ڈاؤٹری جبکہ اداکار بریڈلے وائٹ فورڈ،ملی بوبی براؤن ،وارافر میگا ،کیلی شینڈلر اور چارلس ڈینس اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ مینا می ایچکا وا اور ٹیاچی یویڈاکی اس مشترکہ پروڈکشن کی کہانی گاڈزیلا نامی دیو ہیکل مونسٹر کے گرد گھومتی ہے جو ایک بار پھر انسانی دنیا میں تباہی مچانے آ پہنچتی ہے۔

سعودی عرب کی ڈاکیو منٹری فلم ”ون ڈے ان حرم“بھی رمضان المبارک کے دوران پاکستانی سینما گھروں میں ریلیز کی گئی ۔فلم کا ورلڈ پریمےئر دبئی انٹر نیشنل فلم فیسٹیول میں ہوا تھا جس کے بعد اسے امریکہ ،آسٹریلیا اور کینیڈا کے ساتھ ساتھ سعودی عرب ،انڈونیشیا ترکی،ملائیشیا اور دبئی کے سینما گھروں میں بھی پیش کیا گیا۔خانہ کعبہ کے بارے میں یہ اپنی طرز کی پہلی فلم ہے جسے پاکستانی ہدایتکار ابرارحسین نے ایک سال کے عرصے میں مکمل کیا ہے۔

پاکستانی فلموں کی ا س بار پروموشن بھی بھر پور انداز میں کی گئی تھی ۔کراچی اور لاہور کے بڑے مالز کے علاوہ کیفے ہاؤسز میں بھی فلموں کی تشہیری مہم کے سلسلے میں میڈیا اور بلا گزر سے ملاقات کی گئی ۔اس موقع پر فلموں کی کاسٹ کے علاوہ ڈائریکٹر ز بھی موجود تھے ۔کاسٹ نے اس موقع پر فلموں کے حوالے سے گفتگو کی اور سوالات کے جوابات بھی دےئے۔
فنکاروں کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلمیں بھر پور انٹر ٹینمنٹ لئے ہوئے ہیں اس لئے فلم بینوں کو ضرور پسند آئیں گی۔
ہالی وڈ فلم ”الہٰ دین “24مئی کو سینماؤں میں ریلیز ہوئی تھی۔فلم کی کہانی چراغ میں قید ایک ایسے جن کے گرد گھوم رہی ہے جو احکامات بجا لاتا ہے اور جادوئی قالین پر سوار ہو کر آسمانوں پر سفر کرتا ہے ،جو بھی چراغ رگڑتا ہے جن پلک جھپکتے میں حاضر ہو جاتا ہے اور چراغ رگڑنے والے سے اس کی خواہش پوچھتا ہے ۔
ایڈونچر سے بھر پور اس فلم میں بچوں کے پسندیدہ جن جینی کا کردار مشہور بالی وڈ اداکار ول اسمتھ اداکررہے ہیں۔پرنسز جیز مین کا کردار اداکارہ نائیومی اسکاٹ اداکررہی ہیں ۔الہٰ دین کا کردار بلی میگنیوسن نبھا رہے ہیں۔ عالمی باکس آفس پر ڈزنی کی فلم الہٰ دین کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے اور ایڈونچر سے بھر پور فلم اب تک 600ملین ڈالر سے زیادہ کمانے میں کامیاب ہو چکی ہے۔
ڈزنی کی یہ مشہور زمانہ کارٹون فلم27سال بعد نئے انداز میں پیش کی گئی ہے اور اس نے 3ہفتوں میں ہی 600ملین ڈالر سے زیادہ کا بزنس کر لیا ہے ۔اپنی کامک ٹائمنگ کی وجہ سے مشہور اداکار ول اسمتھ کو جینی کے کردار میں بے حد پذیرائی مل رہی ہے ۔سلمان خان کی فلم ”بھارت “عید الفطر پر بھارت میں تو ریلیز ہوئی مگر پاکستان میں ریلیز نہیں ہو سکی جس کی کاسٹ میں سلمان خان ،کترینہ کیف،جیکی شروف،سونالی کلکرنی نمایاں ہیں۔

Browse More Articles of Lollywood