Khayyam Sarhadi Aik Versatile Actor The

Khayyam Sarhadi Aik Versatile Actor The

خیام سرحدی ایک ورسٹائل ایکٹر تھے

ورسٹائل اداکار خیام سرحدی کو بچھڑے 13 برس بیت گئے

ہفتہ 3 فروری 2024

وقار اشرف
ورسٹائل اداکار خیام سرحدی کو بچھڑے 13 برس بیت گئے۔ان کی تیرہویں برسی 3 فروری کو منائی جا رہی ہے۔وہ 3 فروری 2011ء کی شب ڈرامے کی عکس بندی سے واپس آئے تو دل میں تکلیف محسوس ہونے پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی اس وقت ان کی عمر 62 سال تھی۔

خیام سرحدی معروف ہدایت کار ضیاء سرحدی کے بیٹے تھے اور ان کا شمار ملک کے منجھے ہوئے اداکاروں میں ہوتا تھا۔وہ ممبئی میں پیدا ہوئے پھر گھر والوں کے ساتھ لاہور آ گئے۔امریکہ سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد 70ء کی دہائی میں اداکاری کا آغاز کیا اور ”ایک تھی مینا“ پہلا ڈرامہ تھا جس کے بعد کئی ڈراموں میں جاندار کردار ادا کئے۔انہوں نے اپنے منفرد انداز سے ہر کردار بخوبی نبھایا۔

(جاری ہے)

ان کے مشہور ڈراموں میں دہلیز،داستان،لازوال،من چلے کا سودا،غلام گردش،سورج کے ساتھ ساتھ،وارث اور ریزہ ریزہ شامل ہیں۔اُردو پڑھنے میں دشواری کے باعث انہیں ڈرامہ اسکرپٹ رومن اردو میں تحریر کر کے دیا جاتا تھا جسے وہ احسن طریقے سے ادا کرتے۔جب ڈرامہ انڈسٹری لاہور سے کراچی منتقل ہوئی تو وہ بھی دوسرے فن کاروں کی طرح کراچی منتقل ہو گئے تھے۔

خیام سرحدی نے ٹی وی ڈراموں کے ساتھ ساتھ دو فلموں ”بوبی“ اور”ڈاکو“ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔قائد اعظم پر بننے والی دستاویزی فلم میں سردار عبدالرب نشتر کا کردار ادا کیا تھا۔ان کی پہلی شادی خاندان میں عطیہ سے ہوئی تھی دوسری شادی انہوں نے اداکارہ صاعقہ سے کی تھی۔پہلی بیوی سے ان کی ایک اور دوسری بیوی سے تین بیٹیاں ہیں۔فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا تھا۔

Browse More Articles of Lollywood