Tamanna Begum

Tamanna Begum

تمنا بیگم

ان کے بعد کامیڈی فنکارہ کا تصور ممکن نہیں رہا

منگل 20 فروری 2024

وقار اشرف
معروف اداکارہ اور صداکارہ تمنا بیگم کو دنیا سے گئے 12 برس بیت گئے۔وہ 1970ء سے 1980ء تک فلموں کی مصروف ترین فنکاراؤں میں شامل تھیں انہوں نے اس دوران 235 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں امراؤ جان ادا،سسرال،بھروسہ،انمول،محبت،سوہرا تے جوائی اور دامن نمایاں ہیں۔
تمنا بیگم کا اصل نام صوفیہ بیگم تھا۔
1960ء میں ریڈیو پاکستان کراچی سے فنی کیریئر کا آغاز کیا اسی دوران تھیٹر کے معروف اداکار و مصنف کمال احمد رضوی نے انہیں اسٹیج ڈرامے میں کاسٹ کیا،اس ڈرامے میں ان کی اداکاری سے متاثر ہو کر ہدایت کار مسعود پرویز نے اپنی فلم ”سرحد“ میں انہیں کاسٹ کر لیا لیکن اس فلم کی ریلیز سے پہلے ہی ہدایت کار قدیر غوری نے بھی اپنی فلم ”دامن“ میں انہیں کاسٹ کر لیا جو 1962ء میں ریلیز ہوئی۔

(جاری ہے)


تمنا بیگم نے فلم انڈسٹری کے تمام نامور فنکاروں کے ساتھ اہم کردار ادا کیے لیکن اداکار رفیع خاور ننھا کے ساتھ ان کی جوڑی بہت مقبول ہوئی تھی۔انہوں نے فلموں میں مزاحیہ کرداروں کے ساتھ ساتھ ظالم ساس کے کردار بھی خوبصورتی سے کئے،زیادہ تر متقی کردار کئے لیکن اس میں بے ساختگی ہوتی تھی،مکالموں کی ادائیگی میں ان کا انداز بہت فطری ہوتا تھا۔
انہیں بہترین کردار نگاری پر دو نگار ایوارڈ،بولان ایوارڈ،امن ایوارڈ اور اعتراف کمال ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ان کی آخری فلم 2004ء میں ریلیز ہونے والی پنجابی فلم ”گجر دا کھڑاک“ تھی۔وہ فلم انڈسٹری میں بحرانی صورتحال کے باعث کام نہ ملنے کی وجہ سے لاہور سے کراچی شفٹ ہو گئی تھیں۔
تمنا بیگم نے کئی ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کیا جن میں مہندی،خاندان،ونی اور چاندنی راتیں شامل ہیں۔بیماری کے باعث انہوں نے ڈراموں سے بھی دوری اختیار کر لی تھی۔وہ جوانی میں ہی بیوہ ہو گئی تھیں اور دوبارہ شادی نہیں کی ان کی ایک بیٹی ہے۔وہ گردوں کے عارضہ کے باعث 68 سال کی عمر میں 20 فروری 2012ء کو راہی ملک عدم ہو گئی تھیں۔

Browse More Articles of Lollywood