Jameel Bismil

Jameel Bismil

جمیل بسمل

خدمات کو بھلایا نہ جا سکے گا

جمعرات 12 مئی 2022

وقار اشرف
فلم،تھیٹر اور ٹی وی کے معروف اداکار‘مصنف اور ہدایت کار جمیل بسمل کو مداحوں سے بچھڑے 17 برس بیت گئے۔وہ 12 مئی 2005ء کو اس دنیا فانی سے رخصت ہو گئے تھے۔1942ء کو ہندوستان کے شہر میرٹھ میں پیدا ہونے والے جمیل بسمل تقسیم کے بعد پاکستان منتقل ہو گئے اور فنی کیریئر کا آغاز تھیٹر سے کیا جس کے بعد ٹی وی اور فلموں میں بھی کام کیا جن میں نادان‘پہچان‘منجھی کتھے ڈانواں جیسی فلمیں شامل تھیں لیکن تھیٹر ان کا مضبوط حوالہ رہا۔
ان کا لکھا ہوا تھیٹر ڈرامہ ”ہاؤس فل“ عوام کی بھرپور پسندیدگی کا باعث بنا۔
تھیٹر اور ٹی وی کے لئے ان کی خدمات کو کبھی بھلایا نہیں جا سکے گا۔انہوں نے نصف صدی تک فن کی خدمت کی،اپنے ڈراموں میں عوام کو تفریح مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ مقصدیت کا بھی پیغام دیا۔

(جاری ہے)

بچوں کیلئے بھی بے پناہ کام کیا اور 1974ء میں چلڈرن تھیٹر کی بنیاد ڈالی اور اس حوالے سے بے پناہ کام بھی کیا۔

جمیل بسمل کے شاگردوں کی ایک بڑی تعداد آج بھی کام کر رہی ہے جن میں شیبا بٹ اور حامد رانا بھی شامل ہیں۔
جمیل بسمل نے تقریباً 60 کے قریب اسٹیج ڈرامے لکھے جبکہ 600 اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے،اس کے علاوہ 360 کے قریب ٹی وی ڈراموں میں بھی اداکاری کی۔ان کے مشہور ڈراموں میں ہاؤس فل کے علاوہ شہر دی کڑیاں پنڈ وچ اور اندھیرے کے چور بھی شامل ہیں۔
جمیل بسمل کی فنی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 1989ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔اس کے علاوہ نیشنل ایوارڈ سمیت کئی دیگر اعزازات بھی انہیں دیئے گئے تھے۔

Browse More Articles of Lollywood