میں پاکستان نہیں جا رہا ، تاحال کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا

بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے پاکستان آمد سے متعلق اپنا فیصلہ سنا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 2 اگست 2018 13:20

میں پاکستان نہیں جا رہا ، تاحال کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا
ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 اگست 2018ء) : بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے پاکستان آمد سے متعلق اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ میں عمران خان کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں جا رہا کیونکہ مجھے اس تقریب کا تاحال کوئی حلف نامہ موصول نہیں ہوا۔

عامر خان کے اس بیان پر پاکستان میں موجود ان کے مداح مایوس ہو گئے ہیں۔ یاد رہے کہ بھارت میں ہونے والی ایک تقریب میں بالی وُڈ اداکار عامر خان نے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان سے کہا تھا کہ پاکستان میں جب آپ کی جماعت جیتے گی تو میں آپ کی جیت کی خوشی منانے پاکستان ضرور آؤں گا۔

(جاری ہے)

عام انتخابات 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف کی واضح برتری سامنے آنے پر ٹویٹر صارفین اور عامر خان کے مداحوں نے ان کو ان کا وعدہ یاد دلانا شروع کر دیا تھا۔

گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا تھا کہ عمران خان کی وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے عامر خان، کپیل دیو، سنیل گواسکر سمیت کئی نامور شخصیات کو دعوت نامے بھیج دیے ہیں لیکن عامر خان نے پی ٹی آئی کی جانب سے دعوت نامہ موصول ہونے کی تردید کر دی ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز بھارتی فلم اسٹار عامر خان نے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا۔

بالی وڈ اداکار نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ قبل ازیں ایک نجی ٹی وی چینل کا دعویٰ کیا تھا کہ بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے۔ ٹی وی چینل نے دعویٰ کیا کہ عامر خان 10 اگست کو پاکستان پہنچیں گے اور عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد بھارت واپس چلے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 02/08/2018 - 13:20:03

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :