معروف گلوکار شوکت علی انتقال کر گئے، حکومتی ، سیاسی اور شوبز شخصیات کارنج و غم کا اظہار

موسیقی کی تربیت اپنے بھائی عنایت علی سے حاصل کی ،60ء کی دہائی میں فلم ’’ تیس مار خان ‘‘ سے گلوکاری کا آغاز کیا 65 اور 1971 کی جنگوں میں ملی نغموں نے قوم کا لہوگرمایا، ملی نغمہ ’’جاگ اٹھا ہے سارا وطن ‘‘آج بھی مقبول ہے

جمعہ 2 اپریل 2021 20:14

معروف گلوکار شوکت علی انتقال کر گئے، حکومتی ، سیاسی اور شوبز شخصیات کارنج و غم کا اظہار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2021ء) پاکستان کے معروف گلوکار شوکت علی انتقال کر گئے، شوکت علی جگر کے عارضے کے باعث کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں زیر علاج تھے ، حکومتی ، سیاسی اور شوبز شخصیات نے گلوکار شوکت علی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک لیجنڈ گلوکار سے محروم ہو گیا ہے۔ گلوکار شوکت علی گجرات کے علاقہ ملکوال کے فنکار گھرانے میں پیدا ہوئے ، انہوں نے موسیقی کی تربیت اپنے بھائی عنایت علی سے حاصل کی ۔

شوکت علی نے 60ء کی دہائی میں فلم ’’ تیس مار خان ‘‘ سے گلوکاری کا آغاز کیا اوراس دور کے معروف فلمی گیتوں میں آواز کا جادو جگایا ، انہوں نے جذبہ حب الوطنی کے تحت ملی نغموں سمیت پنجابی زبان کے مشہور گانے بھی گائے،شوکت علی نے جہاں فوک گلوکاری کی وہیں انہوں نے صوفی کلام بھی پڑھا ، ساتھ ہی انہوں نے میوزک کنسرٹس میں بھی فن کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

گلوکار شوکت علی کو غزل، صوفیانہ کلام ،گیت، ملی نغموںاور پنجابی لوک گیتوں کی گائیکی میں منفرد مقام حاصل تھا۔1965 اور 1971 کی جنگوں میں شوکت علی کے ملی نغموں نے قوم کا لہوگرمایا، 1965 میں گایا جانے والا ان کا ملی نغمہ ’’جاگ اٹھا ہے سارا وطن ‘‘آج بھی مقبول ہے ۔انہوں نے 1982 میں نئی دہلی میں منعقد ہونے والے ایشین گیمز میں لائیو پرفارمنس دی تھی ،ان کا گانا ’’کدی دے ہس بول وے سال ‘‘2009 میں بھارتی فلم لو آج کل میں بھی استعمال ہوا تھا۔

ان کے مقبول نغموں میں ’’ساتھیو، مجاہدو، جاگ اٹھا ہے سارا وطن‘‘،’’ میں پتر پاکستان دا‘‘،’’ لال میری پت رکھیو بھلا‘‘،’’ تو ہی حق دا ولی اور ’’تیری میری اے ازلاں دی یاری ‘‘سمیت دیگر سینکڑوں گانے شامل ہیں۔شوکت علی کو سب سے زیادہ مقبولیت سیف الملوک گانے کی وجہ سے ملی جس کی شاعری پنجابی کے صوفی شاعری میاں محمد بخش نے لکھی تھی۔

سیف الملوک جیسے صوفی کلام کے علاوہ بھی شوکت علی نے متعدد صوفی کلام گائے ، شوکت علی نے پاکستان کے علاوہ بیرون ممالک میں بھی پرفارمنس دی ۔انہیں ان کے فن کے اعتراف میں1990ء میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا ، انہیں وائس آف پنجاب اور پرائیڈ آف پنجاب کے ایوارڈز سے بھی نوازا گیا تھا۔شوکت علی گزشتہ کچھ عرصہ سے جگر کے عارضے میں مبتلا تھے ۔

گزشتہ برس وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر انہیں سندھ کے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ کئی روز زیر علاج رہے تاہم پھر اکتوبر 2020 میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی ہدایت پر انہیں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال لاہور میں دا خل کرایا گیا تھا۔ڈاکٹرز نے شوکت علی کے جگر کی پیوندکاری کی تجویز دی تھی مگر طویل العمری اور ان کی بڑھتی بیماری کے پیش نظر ٹرانسپلانٹ کے خدشات کے پیش نظر ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔

ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے نامورگلوکار شوکت علی کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ لیجنڈ گلوکار کے دنیا سے چلے جانے سے فن موسیقی کا ایک باب بند ہو گیا ،شوکت علی نے 1965 اور1971کی جنگوں میں ملی نغموں سے قوم کا لہو گرمایا، گلوکار شوکت علی کی فن موسیقی کیلئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکے گا، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل دے ۔

پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، جنرل سیکرٹری چوہدری منظور ، پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے گلوکار شوکت علی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام دے او ران کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے ۔ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ شوکت علی گلوکاری کے فن میں اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے ، انہوں نے 1965اور1971ء کی جنگوں میں اپنے ملی نغموں سے قوم کا لہوگرمایا ۔

نامور گلوکار عارف لوہار، فریحہ پرویز، حامد علی خان ، استاد راحت فتح علی خان، راحت ملتانیکر ، سائرہ نسیم ، نصیبو لعل ،سید نور ، شان ، صائمہ نور ، ثنا ء فخر ، ریشم ، بابر علی، ببرک شاہ سمیت دیگر نے گلوکار شوکت علی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شوکت علی جیسافنکار صدیوں میں پیدا ہوتاہے ۔ انہیں فن موسیقی میں منفرد اعزاز حاصل تھا ، ان کے ملی نغمے آج بھی قوم کا لہوگرماتے ہیں ۔ خدا کی ذات انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام دے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے ۔
وقت اشاعت : 02/04/2021 - 20:14:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :