خدمت خلق فاوٴنڈیشن نے چرم قربانی اکھٹا کرنے میں عید کے دوسرے روز ہی پچھلے تمام ریکارڈ ز توڑ دئیے ہیں ، سینیٹر بابر خان غوری

بدھ 8 اکتوبر 2014 15:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 8اکتوبر 2014ء) متحد ہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور حق پرست سینیٹر بابر خان غوری نے کہا ہے کہ خدمت خلق فاوٴنڈیشن ہر سال چرم قربانی اکھٹا کرنے میں اپنا گزشتہ ریکارڈ توڑ دیتا ہے اور اس مرتبہ تو عید کے دوسرے روز ہی پچھلے تمام ریکارڈ ز ٹوٹ گئے ہیں جس پر ہم کراچی ، حیدر آباد ، اندرون سندھ، پنجاب ، بلوچستان ، خیبر پختوخوا ، گلگت بلتستان ، کشمیر سمیت ملک کے دیگر حصوں موجود ان تمام ہمدرد عوام کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنھوں نے الطاف حسین کی اپیل پر ایم کیوا یم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاوٴنڈیشن کو ریکارڈ تعداد میں قربانی کی کھالیں جمع کرا وائی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے دوسرے روز فیڈرل بی ایریا بلاک 4کے طارق گراوٴنڈ میں چرم قربانی اکھٹا کرنے کے لئے قائم خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے مرکزی کیمپ پر میڈیا نمائندگان کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن عادل صدیقی ، سینیٹر احمد علی انکے ہمراہ تھے ۔ بابر خان غوری نے کہا کہ الطاف حسین نے ایم کیوا یم کے قیام سے قبل عوامی خدمت کے لئے خدمت خلق کمیٹی کی بنیاد رکھی تھی تو آج خد مت خلق فاوٴنڈیشن کے نام سے جانی پہچانی جاتی ہے ،،آج خدمت خلق فاوٴنڈیشن ملک کا واحد اور سب سے بڑا فلاحی ادارہ ہے جو ملک میں کسی بھی نا گہانی آفت ،اور مصیبت کے موقع پر آگے بڑھ کر بلا امتیاز رنگ ، نسل ، مذہب و علاقہ ہم وطنوں کی خدمت کرتا ہے ، چاہے ملک میں سیلاب کی صورتحال ہو یا آئی ڈی پیز کی امداد کا مسئلہ ، زلزلہ ، طوفان اور وبائی امراض کے نتیجے میں بھی کے کے ایف کے رضا کاران الطاف حسین کی ہدایت پر ملک بھر میں خدمات سر انجام دیتے ہیں اور اس فلاحی سلسلے کا مرکزی اجتماع27رمضان المبارک کو ہر سال منعقد کیا جاتا ہے جس میں غریب ، نادار، مستحق ، بیواوٴں ، یتیموں کو کروڑوں روپے مالیت کے ضروریات زندگی کی اشیاء ، راشن ، روزگار کے لئے ٹھیلے اور معذوروں کو وہیل چئیر ز و دیگر آلات فراہم کئے جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوا یم کے ووٹ بینک میں کمی اور ایم کیو ایم کے خلا ف منفی پروپگنڈہ کر نے والے تجزیہ نگار ، قلمکار ، تبصرہ نگار خود کے کے ایف کے مرکزی کیمپ پر آکر کھالوں کی تعداد کا جائزہ لیں اور دیکھ لیں کہ الطاف حسین کے چاہنے والوں کی تعداد کم نہیں ہوئی بلکہ پہلے کی نسبت کئی گنا بڑھ گئی ہے ۔بعد ازاں بابر خان غوری نے میڈیا نمائندگان کو طارق گروأنڈ کا دورہ کر وایا اور ان سے کہا کہ وہ اپنے کیمرے کی آنکھ کے ذریعے ملک بھر کے عوام کو دکھائیں کہ ہم وطنوں نے ریکارڈ تعداد میں کے کے ایف کو چرم قربانی عطیہ کرکے الطاف حسین پر اپنے بھروسے اور اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :