سابق وزیراعظم سے2سال قبل اغواء ہونے والے علی حیدر گیلانی کا پہلی بار ٹیلی فونک رابطہ ،علی حیدر گیلانی نے اپنے والد اور شاہ محمود قریشی سے بات کی،دونوں نے علی حیدر گیلانی سے خیریت دریافت کی،ٹیلیفونک کال افغانستان سے موصول ہوئی ، مغوی بیٹے سے رابطہ ہونے پر خوش ہوں ،جلد رہائی کیلئے پر امید ہوں،بیٹا افغانستان میں ہے،اس کے حوصلے بلند ہیں،سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی مغوی بیٹے سے ٹیلیفونک رابطے کے بعد میڈیا سے گفتگو

اتوار 24 مئی 2015 13:55

سابق وزیراعظم سے2سال قبل اغواء ہونے والے علی حیدر گیلانی کا پہلی بار ..

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2015ء) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے2013میں انتخابی مہم کے دوران اغواء ہونے والے ان کے بیٹے علی حیدر گیلانی نے پہلی بار ٹیلی فونک رابطہ کیا،جو کہ اغواء کارواں کی جانب سے کرایا گیا، جس میں علی حیدر گیلانی نے خودسابق وزیراعظم سے بات کی، سید یوسف رضاگیلانی نے دوران ٹیلیفونک اپنے مغوی بیٹے سے خیریت دریافت کی اور تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے بھی مغوی بیٹے کی بات کروائی،ٹیلیفون کال افغانستان سے آئی۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ملتان کے نواحی علاقے جلال آباد میں فاتحہ خوانی میں شریک تھے کہ اس موقع پر افغانستان کے نمبرسے انہیں کال موصول ہوئی اور یوسف رضا گیلانی سے متعلق پوچھا گیا،سابق وزیراعظم کی طرف سے جواب دینے پر اغواء کاروں نے ان کی مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی سے بات کروائی، یوسف رضا گیلانی نے 8منٹ تک بیٹے سے گفتگو کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ساتھ بیٹھے تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی سے بھی علی حیدر گیلانی کی بات کروائی۔ اس حوالے سے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغوی بیٹے سے رابطہ ہونے پر بہت خوش ہوں اور اس کی جلد رہائی کیلئے پر امید ہوں،بیٹا افغانستان میں ہے،علی حیدر گیلانی نے کال پر اپنی خیریت سے آگاہ کیا، بیٹے کے حوصلے بلند ہیں۔

واضح رہے کہ گیلانی چند روز قبل سابق صدر آصف علی زرداری کے ساتھ افغانستان گئے تھے اور وہاں ان کی اغوا کاروں کے رابطہ کاروں سے بات ہوئی اور بیٹے کی رہائی پر معاملات سیٹل ہو ئے ہیں۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو 2013ء کی الیکشن مہم کے دوران مسلح افراد نے ملتان سے اغواء کرلیا تھا۔