بنیان مرصوص فلم میں ایئر مارشل اورنگزیب کا کردار فواد خان کو ادا کرنا چاہیے، امرخان

منگل 1 جولائی 2025 22:53

بنیان مرصوص فلم میں ایئر مارشل اورنگزیب کا کردار فواد خان کو ادا کرنا چاہیے، امرخان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2025ء) اداکارہ و لکھاری امر خان کا کہنا ہے کہ اگر آپریشن بنیان مرصوص پر کوئی فلم بنے تو اس میں ایئر مارشل اورنگزیب کا کردار ادا کرنے کے لیے فواد خان سب سے موزوں انتخاب ہوں گے۔امر خان نے حال ہی میںنجی ٹی وی پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت بھلے ہی معاشی لحاظ سے ترقی کر رہا ہو، لیکن آزادی رائے کے معاملے میں وہ پاکستان سے بہت پیچھے ہے، اس کی حالیہ مثال پاک-بھارت کشیدگی کے دوران دیکھی گئی، جب بھارت میں سچ بولنے پر اپنے ہی لوگوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور بعض اداکاروں کو زبردستی حمایت میں پوسٹ کرنے پر مجبور کیا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں جو اداکار ایسے وقت میں خاموش رہے، ان کا اپنا نظریہ ہو سکتا ہے، لیکن وہ خود اس موقع پر خاموش نہیں رہیں کیونکہ ان کے نزدیک جب کوئی آپ کے گھر پر جوتے پھینکے تو آپ کو ضرور جواب دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

امر خان نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ حالات کے دوران جب بھی وہ سوشل میڈیا پر کوئی پوسٹ کرتیں تو بھارتی صارفین کی جانب سے انہیں دھمکیاں دی جاتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے فلموں سے پاکستانی اداکاروں کی تصاویر نکال کر انتہائی بچگانہ حرکت کی۔اداکارہ کے خیال میں بھارت کے حالات اب کافی بدل چکے ہیں، پہلے وہ گاندھی کا بھارت تھا، اب وہ مودی کا بھارت ہے۔امر خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر آپریشن بنیان مرصوص پر فلم بنے تو اس میں ایئر مارشل اورنگزیب احمد کا کردار فواد خان کو ادا کرنا چاہیے۔

ان کے خیال میں فواد خان اس کردار میں زیادہ مناسب لگیں گے کیونکہ ان کی شخصیت ایئر مارشل سے کافی حد تک مشابہت رکھتی ہے۔خیال رہے کہ بھارت نے جنگی جارحیت کرتے ہوئے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر حملے کیے اور 8 مئی تک کئی شہروں پر ڈرونز کے ذریعے ناکام حملے کیے، اس کے جواب میں پاک فوج نے 10 مئی کو آپریشن بنیان مرصوص کیا، جس میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا، اس کے جنگی طیارے تباہ کیے گئے اور اس کا دفاعی نظام بھی برباد کر دیا گیا۔پاکستان کی خطرناک جوابی کارروائی کے بعد، پاکستان اور بھارت نے امریکی ثالثی سے 10 مئی کی شام ہی فوری اور مکمل جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔
وقت اشاعت : 01/07/2025 - 22:53:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :