تنہا بیٹھ کر پڑھائی کرنے والے کورین نوجوان کی یوٹیوب پر مقبولیت میں اضافہ

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 20 جون 2018 20:10

تنہا بیٹھ کر پڑھائی کرنے والے کورین نوجوان کی یوٹیوب پر مقبولیت میں اضافہ

ایک ہینڈسم کورین نوجوان اپنے دن بھر کی مصروفیت جو  اکیلے بیٹھ کر پڑھائی کرنا ہوتی ہے، یوٹیوب پر لائیو سٹریم کرتا ہے۔ یہ بہت عام سی بات ہے جس میں خاص بات صرف یہ ہے کہ کورین ناظرین کے درمیان اس نوجوان کی ویڈیوز بہت زیادہ مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔
مذکورہ نوجوان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ پولیس آفیسر بننے کے لیے ریاستی امتحانات کی تیاری میں مصروف ہے۔

  وہ اپریل سے ہی ہرروز اپنی  ”مصروفیت“ کو لائیو سٹریم کر رہا ہے۔ کرسی پر بیٹھ کر کتاب پڑھتے ہوئے اس کا انہماک دیکھنے لائق ہوتا ہے۔ اس دوران وہ شاید ہی اپنی جگہ سے ہلتا ہو۔ 6 گھنٹےکی لائیو ویڈیو "Study with me" میں وہ نہ بات کرتا ہے اور نہ ہی کسی قسم کے تاثرات چہرے پر لاتا ہے۔
یوٹیوب پر اس نے اپنا یوزر نیم  Bot-No-Jam رکھا ہے یہ کورین زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے ایک ایسا روبوٹ جس میں کوئی مزے یا لطف اندوز ہونے کی بات نہ ہو۔

(جاری ہے)

تین لاکھ بیس ہزار میں سےچند سبسکرائبرز کا کہنا ہے گرچہ وہ یہ ساری ویڈیوز ایک سی ہوتی ہیں لیکن وہ ان سے بالکل بھی اکتاہٹ محسوس نہیں کرتے۔ "اسٹڈی ود می" کی پہلی لائیو ویڈیو کو پانچ لاکھ تیس ہزار صارفین نے دیکھا جبکہ دوسری ویڈیوز پر اوسطاً 1,50,000 ویووز ہوتے ہیں۔
اس نوجوان کے بہت سے فینز کا کہنا ہے کہ اس کی مقبولیت کی بڑی وجہ اس کا کے-پاپ اسٹائل جیسا حلیہ ہے۔

ایک صارف نے "Bot-No-Jam" کی ویڈیو پر تبصرہ کیا، "کون کہتا ہے کہ اس کی ویڈیوز مزے کی نہیں ہوتیں؟ اس کا چہرہ بذات خود بڑی دلچسپی کا باعث ہے۔" اس تبصرے پر بھی لائیک کا آپشن استعمال کرتے ہوئے تین ہزار لوگوں نے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا۔ یوٹیوب کے ایک دوسرے صارف نے بطور مزاح کہا، "میں نے اپنی پوری زندگی میں اتنی دلچسپ ویڈیو نہیں دیکھی" اور اس بات کو 4,200 لوگوں نے لائیک کیا۔


اپنی خاموش مطالعاتی مصروفیت والی ویڈیوز کے علاوہ اس نوجوان نے یوٹیوب پر پانچ ویڈیو بلاگز یا وی لاگز بھی اپلوڈ کی ہیں۔ ان ویڈیوز میں اس نے اپنے کمرے سے باہر کی زندگی دکھائی ہے کہ وہ روزمرہ کون کون سے کام سرانجام دیتا ہے جیسا کہ تیار ہوکر دوستوں کے ساتھ گھومنے پھرنے جانا وغیرہ۔ یہ Bot-No-Jam کے نام سے معروف نوجوان ویڈیو بنانے کے دوران بات نہیں کرتا۔

اس کے تازہ ترین ویڈیو بلاگ میں وہ جم میں  نظر آ رہا ہے، اس ویڈیو پر 5 لاکھ 60 ہزار ویووز آئے ہیں۔
اس کے چاہنے والوں نے ٹویٹر پر اس کے بارے میں ایک اکاؤنٹ بھی بنا لیا ہے جہاں وہ Bot-No-Jam کی ویڈیوز سے اسکرین شاٹ لے کر تصویریں شیئر کرتے ہیں، اس اکاؤنٹ پر بھی 4,200 فالوورز  ہو چکے  ہیں۔
آسمان کی بلندیوں کو چھوتی اس کی شہرت نے مقامی میڈیا کو بھی اس کی جانب متوجہ کر لیا ہے۔

8 جون کو ایس بی ایس کے مارننگ شو میں اسے مدعو کیا گیا جہاں اس نے مطالعہ کے دوران اپنی ویڈیو ریکارڈ کرنے کے بارے میں بتایا کہ وہ صرف پڑھائی پر اپنی توجہ مرکوز رکھنے کی خاطر خود کو فلمایا کرتا تھا۔ جب اس سے اس کے صارفی نام Bot-No-Jam کے بارے میں پوچھا گیا تو اس نے بتایا کہ "Bot" اس کے پرانے مختصر نام سے آیا ہے جس کا مطلب روبوٹ ہے۔ اس کے مطابق جب وہ فوج میں خدمات سر انجام دے رہا تھا تو لوگوں نے اسے "روبوٹ" کا نام دیا تھا۔

اسے توقع تھی کہ لوگ اس کی ویڈیوز میں زیادہ دلچسپی نہیں دکھائیں گے لہٰذا اس نے Robo کے ساتھ 'No-Jam' کا اضافہ بھی کر دیا۔
 ٹی وی پر اس انٹرویو کے بارے میں اپنے یوٹیوب چینل پر اس نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "آپ کی محبت اور سپورٹ کا شکریہ کہ جس کی وجہ سے میں ٹی وی شو پر آ سکا۔" اس پوسٹ پربھی اسے 7,200 لائیکس ملے اور تقریباً 800 کمنٹس موصول ہوئے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu