امریکی جوڑے کو ٹائروں کی چوری کی اطلاع کرنا مہنگا پڑ گیا۔ پولیس نے گرفتار کر لیا

Ameen Akbar امین اکبر پیر 9 جولائی 2018 23:48

امریکی جوڑے کو ٹائروں  کی چوری کی اطلاع کرنا مہنگا پڑ گیا۔ پولیس نے گرفتار کر لیا
ٹیکساس کے ایک جوڑے نے پولیس کو اپنے ٹریلر کے ٹائروں کی چوری کی اطلاع دی  اور گرفتار ہوگیا۔
پولیس چوری کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی تو اسے ٹریکٹر ٹریلر کے اندر سے  منشیات کی بڑی مقدارملی ۔
ڈین روبا اور اس کی بیوی بیانکا روبا نے 6 جولائی کو صبح 7 بجکر 15 منٹ پر پولیس  کو اطلاع دی کہ اُن کے 18 وہیلر ٹریکٹر  ٹریلر کے ٹائر چوری ہوگئے ہیں۔انہوں نے انٹر سٹیٹ 10 پر  ٹیکساس ریسٹ سٹاپ سے چیمبر کاؤنٹی پولیس سٹیشن کو فون کیا تھا۔

جس ٹریلر کے ٹائر چوری ہونے کی اطلاع دی گئی، اس میں میاں بیوی نے 43 پاؤنڈ   میتھامفیتامین  بھی چھپائی ہوئی تھی۔
پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو دیکھا کہ ٹریلر کے کچھ ٹائر چوری ہو چکے ہیں۔ ٹریلر کو دیکھتے ہوئے پولیس کو احساس ہوا کہ اس کے خفیہ کمپارٹمنٹ بھی ہیں۔

(جاری ہے)

جب ان کی مکمل تلاشی لی گئی تو ان میں سے 43 پاؤنڈ میتھامفیتامین برآمد ہوئی۔

اندازہ ہے کہ اس کی قیمت 2 ملین ڈالر ہوگی۔
پولیس نے 48 سالہ ڈین اور اس کی 45 سالہ بیوی بیانکا کو ممنوعہ مواد رکھنے پر گرفتار کر لیا ہے۔
ٹیکساس میں منشیات کے حوالے سے قوانین کافی سخت ہیں۔ منشیات رکھنے پر زیادہ سے زیادہ 99 سال یا پوری زندگی کے لیے جیل ، 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔
توقع ہے کہ اس جوڑے کو 2 ملین ڈالر کی منشیات رکھنے پر کافی طویل عرصے کی قید ہو سکتی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اس کیس میں جہاں پولیس نے بہت اچھا کام کیا ہے وہیں اس گرفتاری کا کچھ سہرا ڈین اور بیانکا کو بھی جاتا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu