کھانے کا مذاق اڑانے پربھارتی عورت نے دعوت میں خاندان والوں کو زہر دے دیا

Ameen Akbar امین اکبر منگل 26 جون 2018 23:52

کھانے کا مذاق اڑانے پربھارتی عورت نے دعوت  میں خاندان والوں کو زہر دے دیا

خالہ پور، بھارت سے تعلق رکھنے والی ایک 23 سالہ  عورت نے اپنے پکائے ہوئے کھانے  اور جلد کی رنگت کا مذاق اڑانے پر  رشتے داروں کو زہر دےدیا ۔
خالہ پور کی پولیس کا کہنا ہے کہ 23 سالہ پرادنیا سرواس نے گھر میں ہونے والی دعوت میں پیش کی جانے والی دال میں سانپ کا زہر ملانے کا اعتراف کر لیا ہے۔ پرادنیا  اپنے شوہراور  کچھ سسرالی رشتے داروں کو قتل کرنا چاہتی تھی۔

  بدقسمتی سے زہر نے مخصوص رشتے داروں اور باقی سب  مہمانوں میں فرق نہیں کیا جس کی وجہ سے 88 افراد ہسپتال پہنچ گئے، جن میں سے 5 بتدریج اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
پرادنیا  کا دعویٰ ہے کہ اس کی شادی 2 سال پہلے ہوئی تھی، جس کے بعد سے  ہی اس کے  سسرال والے اسے گہری رنگت اور بدمزہ کھانا پکانے کے طعنے دیتے ۔

(جاری ہے)

اس نے اپنے شوہر سمیت کئی سسرالی رشتے داروں پر تشدد کرنے کا الزام بھی لگایا۔

جب اس کی ساس نے گھر میں ہونے والی دعوت میں اسے کھانا  پیش کرنے کا کہا تو اس نے کھانے میں  سانپ کا زہر  ملانے کا منصوبہ بنایا ۔ اس کا کہنا ہے کہ اس پر تشدد کرنے اور طعنے دینے والے تمام افراد بھی 120 مہمانوں میں شامل ہوتے ، اس لیے اس نے کھانے میں زہر  ملانے کا سوچا۔ پرادنیا کا کہنا ہے کہ اسے امید تھی، جنہیں وہ مارنا چاہتی ہے، وہ دال کھائیں گے۔

پرادنیا اپنے شوہر، ساس اور نندوں کو زہر دینا چاہتی تھی کچھ دیر بعد جب اس کی ساس کی بہن اور دیگر رشتے دار، جن میں بچے بھی شامل تھے، کھانا کھانے بیٹھے تو اس نے انہیں ہی  دال میں زہر ملا کر دے دیا۔کھانا کھانے کے بعد لوگوں کی حالت بگڑ گئی۔ انہیں ہسپتال پہنچایا گیا تو چند گھنٹوں بعد ہی تین بچے چل بسے۔ تین دن بعد ایک بچہ اور ایک 53 سالہ مہمان بھی زندگی کی بازی ہار گئے۔پرادنیا جن سے بدلہ لینا چاہتی تھی،  ان میں سے کوئی بھی نہیں مرا۔
پولیس اس کیس میں تفتیش کر رہی ہے۔ اس کیس میں پرادنیا کو سزائے موت بھی ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu