روسی قلعے کے خفیہ کمرے سے قرون وسطیٰ کی بورڈ گیم دریافت ہوگئی۔یہ گیم پاکستان میں آج بھی مقبول ہے

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 21 ستمبر 2018 23:44

روسی قلعے  کے خفیہ کمرے سے قرون وسطیٰ کی  بورڈ گیم دریافت ہوگئی۔یہ گیم پاکستان میں آج بھی مقبول ہے

ماہرین آثار قدیمہ نے 13 صدی کے  بنائے گئے روسی قلعے کے خفیہ کمرے سے ایک بورڈ گیم  دریافت کی ہے۔ یہ بورڈ گیم فن لینڈ کی سرحد کے نزدیک  سوئیڈش قلعے  ویبورگ سے ملی ہے۔
یہ بورڈ گیم چکنی مٹی کی اینٹ پر بنائی گئی ہے۔ نائن مینز مورس نامی یہ گیم پاکستان میں 9 گوٹی اور قطار گوٹی کے نام سے کھیلی جاتی ہے۔
اس گیم میں دوکھلاڑی ایک دوسرے کی گوٹ اٹھاتے ہیں لیکن ایسا کرنے کے لیے انہیں ایک قطار میں تین گوٹیاں رکھنی ہوتی ہیں۔

ایک قطار مکمل ہونے کے بعد کھلاڑی مخالف کھلاڑی کی قطار سے باہر کوئی بھی گوٹ اٹھا سکتا ہے۔ اس گیم میں اگر کسی کھلاڑی کی صرف دو گوٹیاں رہ جائیں تو وہ ہار جاتا ہے، کیونکہ دو گوٹیوں سے قطار مکمل نہیں ہوسکتی۔ اس گیم کو ذرا سی تبدیلیوں سے 3 اور 12 گوٹیوں کے ساتھ بھی کھیلا جاتا ہے۔

(جاری ہے)


نیوز ویک کے مطابق یہ گیم کئی صدیوں سے کھیلی جا رہی ہے۔ اس گیم کے مختلف ورژن برصغیر، چین اوراُن علاقوں سے بھی دریافت ہوئے ہیں جو کبھی رومی سلطنت تھے۔


یہ بورڈ گیم ویبورگ قلعہ کے جس خفیہ کمرے سے ملی ہے، اس کا ذکر 16 صدی کے تاریخی کاغذات میں درج ہے۔ ویبورگ قلعے کا قدیم ترین تاریخی ریکارڈ 1293 میں ملتا ہے۔ یہ قلعہ کئی بار کبھی فن لینڈ کی ملکیت رہا اور کبھی روس کی ملکیت رہا ۔ 1994 میں اسے روس نے اپنے قبضے میں لے لیا۔
ماہرین اثار قدیمہ نے یہ خفیہ کمرہ اگست 2018 میں تلاش کیا تھا لیکن اس کا اعلان اب کیا گیا ہے۔


ماہرین آثار قدیمہ نے ویبورگ قلعے  پر  1930 کی دہائی میں تحقیق شروع کی، اس کے بعد یہ نظر انداز ہوتا رہا۔  آخر کار مقامی سماجی کارکنوں نے خبر دار کیا کہ اس قلعے کی حفاظت نہ کرنے کی صورت میں جلد ہی یہ مزید تباہ ہوسکتا ہے تو حکام نے قلعے کی بحالی پر کام شروع کیا، جس کا نتیجہ موجودہ دریافتوں کی صورت میں نکلا۔ موجودہ دریافتوں کے بعد برکس ڈویلپمنٹ بنک نے قلعے کی بحالی کے  لیے 1.8 ارب روبل یا 25 ملین ڈالر مختص کیے ہیں۔

روسی قلعے  کے خفیہ کمرے سے قرون وسطیٰ کی  بورڈ گیم دریافت ہوگئی۔یہ گیم ..

Browse Latest Weird News in Urdu