کتے نے اپنے پنجرے سے فرار ہو کر ایک ہی رات میں 600 مرغیوں کو مار دیا

Ameen Akbar امین اکبر منگل 6 نومبر 2018 23:49

کتے نے اپنے پنجرے سے فرار ہو کر ایک ہی رات میں 600 مرغیوں کو مار دیا
ایک   ہاسکی نسل کے کتے نے اپنے پنجرے سے فرار ہو کر اپنے مالک کے لیے مشکل کھڑی کر دی ہے۔ پنجرے سے فرار ہو کر کتے نے ساری مرغیوں کا قتل عام کیا۔
چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے انہوئی صوبے میں نینگگوو میں واقع مرغیوں کے فارم کا مالک 29 اکتوبر کی صبح اپنے فارم کی حالت دیکھ کر رو پڑا۔ فارم کا مالک صبح جب فارم پر پہنچا تو ہر طرف مری ہوئی مرغیاں بکھری پڑی تھیں۔

پہلے پہل مالک کے ذہن میں خیال آیا کہ کوئی جنگلی جانور اس کے فارم میں گھس آیا تھا، جس نے سب مرغیوں کو مار دیا لیکن تھوڑی دیر بعد ہی پتا چلا گیا کہ یہ ہمسایوں کے کتے کی کارستانی ہے۔ یہ کتا اس وقت بھی اپنے منہ میں ایک مرغی دبائے ہوئے تھا۔
کتے کو باندھنے کے بعد فارم کا مالک سیدھا اپنےہمسائے کے گھر پہنچا اور اس سے 600 مرغیوں کے ہرجانے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

ہرجانے کی رقم پر اتفاق نہ ہوا تو معاملے کو سنبھالنے کے لیے پولیس بلا لی گئی۔ نقصانات کا اندازہ کرنے کے بعد پولیس آفیسر نے کتے کے مالک کو ہرجانے کی مد میں 13 ہزار یوان یا 1900 ڈالر ادا کرنے کا کہا۔ کتے کے مالک نے عدالت سے بچنے کے لیے ہچکچاتے ہوئے اس رقم کو قبول کر لیا۔
بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کتے کے مالک کو کتے کی خونخوار فطرت کا معلوم تھا، اسی لیے وہ اسے پنجرے میں بند کر کے رکھتا تھا۔
کتوں کا مرغیوں اور دیگر پرندوں کو قتل کرنا اگرچہ عام بات ہےہے لیکن ایک ہی رات میں ایک کتے کا 600 مرغیوں کو مارنا غیر معمولی بات ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu