Angrakha Style Frock - Article No. 2909

Angrakha Style Frock

انگرکھا اسٹائل فراک - تحریر نمبر 2909

روایت کے رنگ جدت کے سنگ

منگل 21 جون 2022

راحیلہ مغل
جدید دور میں کپڑوں کے نت نئے انداز متعارف کروائے جا رہے ہیں۔قمیض کے ساتھ لمبے کوٹ،چوڑی دار پاجامہ،ٹراؤزرز،اے لائن فراک،بوٹ گلے اور پیپلم ملبوسات جدید فیشن ٹرینڈز کا حصہ ہیں البتہ انگرکھا کی شاہانہ،نفیس اور مشرقی ادا اپنی جگہ برقرار ہے۔اس میں وقت کے ساتھ ساتھ تبدیلی ضرور آئی ہے لیکن اس کا شاہانہ پن آج بھی اپنی آب و تاب کے ساتھ موجود ہے۔
انگرکھا فراک موسم کی مناسبت اور ماحول کے حوالے سے مختلف ڈیزائن میں دستیاب ہیں۔اگر آپ کسی تقریب میں انگرکھا فراک پہننے کا ارادہ رکھتی ہیں تو سفید رنگ کی چکن کاڑی سے سجی دلکش فراک بنوائیں یا پھر اسے زری کے کام،کٹ رانی،شیشہ ورک،ہاتھ کی کڑھائی،موتی اور دھنک سے سجا لیں۔منفرد کڑھائی،دلفریب اسٹائل اور دلکش رنگ اسے کسی پرتکلف تقریب کے لئے بہترین انتخاب ثابت کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)


فیشن کی دنیا ویسے تو دن رات بدلتی رہتی ہے،تاہم کچھ فیشن یا ملبوسات ایسے ہوتے ہیں،جو وقت گزرنے کے بعد بھی پرانے نہیں ہوتے،ان میں تھوڑی بہت تبدیلی ضرور کی جاتی ہے،تاہم وہ فیشن سے کبھی ”آؤٹ“ نہیں ہوتے۔ان میں سے ایک ”انگرکھا فراکس اور شرٹس“ ہیں۔کبھی بڑے گھیر والی انگرکھا فراکس آپ کو ڈیزائنرز کی نئی کلیکشن میں نظر آئے گی تو کبھی ان کا گھیر کم کرکے انہیں فیشن شوز میں متعارف کروا دیا جاتا ہے۔
کبھی ان کی لمبائی پیروں تک آتی ہوئی ہوتی ہے،تو کبھی ان کی لمبائی گھٹنوں تک کرکے انہیں پہنا جاتا ہے۔غرض یہ ہے کہ نیٹ ہو یا شیفون،سلک ہو یا کاٹن،انگرکھا فراکس آپ کو ہر طرح کے کپڑے اور انداز کے ساتھ مارکیٹس میں بکتی ہوئی نظر آئیں گی۔
ان دنوں بھی سادہ سی پیروں تک آتی ہوئی انگرکھا فراکس پاکستانی فیشن کی دنیا میں چھائی ہوئی ہیں اگر شادیوں کی تقریبات کیلئے انگرکھا فراک خریدنی ہے تو کوشش کریں کہ وہ سلک،آرگنزا،نیٹ یا شیفون سے تیار کردہ ہوں،ان پر ایمبرائیڈری کی گئی ہو یا انہیں لیسز لگا کر خوبصورت بنایا گیا ہو۔
وہ لڑکیاں،جن کی شادی ہو رہی ہے وہ اپنی مہندی کے فنکشن کیلئے پیلے،ہرے یا گلابی رنگ کے کمبی نیشن کے ساتھ انگرکھا فراک اور چوڑی دار خرید کر پہن سکتی ہیں۔اگر گرمیوں کے دوران دن کے کسی فنکشن میں پہننے کیلئے خریدنی ہے تو کوشش کریں کہ کاٹن یا لان سے تیار کردہ سادہ یا پرنٹڈ فراک خریدیں،ان کپڑوں سے تیار کردہ فراکس ہوا دار ہوتی ہیں اور انہیں پہننے کے بعد گرمی نہیں لگتی۔
اگر کسی فنکشن کیلئے بھاری ایمبرائیڈری والی فراک کا انتخاب کیا ہے تو کوشش کریں کہ اس کا دوپٹہ سادہ ہو،اگر سادہ سلک کی فراک پہن رہی ہیں تو اس کے ساتھ جیکارڈ یا آرگنزا کا ایسا دوپٹہ خریدیں،جس کے کناروں پر زری یا دبکے کا کام کیا گیا ہو یا جس پر بلاک پرنٹنگ اور لیسز لگا کر اسے خوبصورت بنایا گیا ہو۔
آج کل ایسی انگرکھا فراکس بھی چل رہی ہیں،جن کے درمیانی حصے میں پیٹی سے لے کر نیچے تک فراک میں کٹ لگا ہوا ہوتا ہے،اس کے ساتھ ڈھیلا ٹراؤزر پہنا جاتا ہے،ایسی فراکس بھی پہننے کے بعد خوبصورت لگتی ہیں۔
اگر گھٹنوں تک آتی ہوئی فراکس خریدنے کا ارادہ ہے تو اس کے ساتھ گھیر والی شلوار یا ٹیولپ شلوار کا انتخاب کریں۔انگرکھا فراکس چاہے پیروں تک آتی ہوئی ہو یا گھٹنوں تک کی لمبائی پر مبنی ہو،ان کے ساتھ خوبصورت کھسہ پہننا مناسب رہتا ہے۔
انگرکھا فراکس کا فیشن صدیوں پرانا ہے،سب سے پہلے اسے مغل زمانے میں تیار کیا گیا،اسی دور کی مناسبت سے اس کا نام انگرکھا رکھا گیا،اُس دور میں اسے مہنگے اور قیمتی ترین ریشمی کپڑے سے تیار کیا جاتا تھا،ساتھ ہی اس پر چاندی اور سونے کا کام کیا جاتا تھا،جس کی وجہ سے ابتداء میں یہ پہناوا صرف مغلیہ خاندان کی ملکہ اور شہزادیاں وغیرہ ہی پہنا کرتی تھیں۔
تاہم بعد میں اسے عام خواتین کیلئے بھی تیار کیا جانے لگا،یہی وجہ ہے کہ اب اسے پاکستان،انڈیا اور بنگلہ دیش میں بھی خواتین پہنتی ہیں۔اس فراک کی ساخت ایسی ہوتی ہے کہ لڑکیاں اسے پہننے کے بعد خود کو شہزادی کی مانند سمجھنے لگتی ہیں اور ان کے بیٹھنے،اُٹھنے کے انداز میں نزاکت اور وقار سا محسوس ہونے لگتا ہے۔یہ بات سچ ہے کہ اچھا لباس انسان کو پُراعتماد بنا دیتا ہے،لہٰذا جب اچھے انداز سے سلی ہوئی انگرکھا فراکس خواتین پہن لیں گی تو وہ خود کو پُراعتماد محسوس کرنے لگیں گی،یہ ایک ایسا پہناوا ہے،جسے ہر عمر کی خواتین بہ آسانی پہن سکتی ہیں،تاہم بڑی عمر کی خواتین کو ہلکے رنگوں سے تیار کردہ فراک کا انتخاب کرنا چاہئے۔

آج کل عروسی جوڑوں میں گھاگھرا،شارٹ اور لمبی چولی،غرارہ،انگرکھا،پشواز اور لہنگا پسند کیا جا رہا ہے اس پر گوٹے،زردوزی،مکیش،تلے،کورے،ہینڈ ایمبرائیڈری،نقشی،دبکی،ریشم،پرلز اور سٹونز کا کام دیکھنے کو ملتا ہے۔لال،گولڈ،گرین نیز ہر قسم کا رنگ فیشن میں مقبول ہے۔اس کے علاوہ عروسی جوڑے جن کپڑوں میں بنائے جا رہے ہیں ان میں جاما وار،شیفون،آرگینزا،ٹو،ویلوٹ اور سلک کو اہمیت مل رہی ہے۔
مکیش،گوٹے،مرر اور تھریڈ ورک کورے اور دبکے کی روایتی ایمبیلشمنٹ کو بے حد پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ویسے وقت کے ساتھ ساتھ انگرکھا فراکس کی ہئیت میں تبدیلی آئی ہے،لیکن یہ حقیقت ہے کہ یہ فراکس کبھی فیشن سے آؤٹ نہیں ہوئیں،لڑکیاں اس روایتی پہناوے کو کبھی بھی،کسی بھی فیشن میں آرام سے پہن سکتی ہیں اور جاذب نظر آ سکتی ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Angrakha Style Frock" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.