Banarsi Malbosat - Article No. 2865

Banarsi Malbosat

بنارسی ملبوسات - تحریر نمبر 2865

اپنی شاہانہ شان و شوکت کے ساتھ آج بھی مقبول

بدھ 27 اپریل 2022

راحیلہ مغل
خواتین کو ہمیشہ سے ہی خوبصورت اور نئے نئے ملبوسات کی خریداری کا شوق ہوتا ہے،اور عید الفطر کے قریب آنے کے بعد ڈیزائنرز کے خوبصورت ملبوسات متعدد خواتین کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔فیشن کی دنیا میں نئے ڈیزائنرز ایک سے بڑھ کر ایک ملبوسات کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں،ہر ہفتے نئی کلیکشن لوگوں کی بھرپور داد وصول کر رہی ہے۔
عید کا تہوار ہمارے بڑے تہواروں میں سے ایک ہے،تو ظاہر ہے عید کے تینوں دن دعوتوں میں نت نئے لباس پہننا بھی ضروری ہے۔
کیا آپ نے عید کا سوٹ لے لیا ہے؟کیا آپ کی عید کی تیاری مکمل ہو گئی اور آپ اس تیاری سے مطمئن ہیں؟خواتین سے عید کے ملبوسات کے بارے میں پوچھا جائے تو اکثر یہی جواب دیتی ہیں ”سمجھ میں نہیں آ رہا عید پر کیسا سوٹ لوں؟ اگر آپ کا عید کا لباس اب تک تیار نہیں ہوا تو اپنا من پسند ڈیزائن سلوانے کا ارادہ ترک کرکے بازار سے ایک خوبصورت تیار جوڑا خرید لائیں۔

(جاری ہے)

اس سے آپ کو ایک اچھا ڈیزائن بھی مل جائے گا اور وقت کی بچت بھی ہو گی۔بازار میں معروف ڈیزائنرز کے بے شمار نئے ڈیزائن اور خوبصورت اسٹائل کے ملبوسات موجود ہیں جو عید پر گرمی کے موسم اور دھیمے رنگوں کے ٹرینڈز کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کئے گئے ہیں۔اس عید پر لان پر بنارسی پرنٹ،نیٹ کے دوپٹے،غرارے اور لہنگے،چھوٹی قمیض،اونچی کُرتیاں،سگریٹ پینٹس،ٹیولپ شلوار اور فلیپر پسند کیے جا رہے ہیں۔
آستین میں تھرڈ کوارٹر لمبائی کے ساتھ گھیردار ڈیزائن ملبوسات کو منفرد تاثر دیتا ہے۔سنہرے اور رنگین دھاگوں سے نفیس کڑھائی،پھلکاری لہنگے،نیٹ کے چھنک ستارے سے تیار کئے گئے دوپٹے اور کڑھائی دار سادہ قمیض سہانا اور دلچسپ امتزاج پیش کرتے ہیں۔گرمی کی مناسبت سے ہلکے رنگ ٹھنڈا اور خوشگوار تاثر دیتے ہیں۔آپ بھی عید کی شاپنگ کرتے وقت عجیب و غریب فیشن اور اسٹائل اپنانے کے بجائے سادگی اور جدت کے دلکش امتزاج سے تیار کئے گئے ملبوسات پر توجہ دیں۔

اب پرانا دور گزر گیا اور نیا زمانہ ہمارے سامنے ہے۔نئے زمانے کے اپنے تقاضے ہیں۔ہماری نانی دادی جو پہنتی تھیں وہ بہت مختلف تھا۔اسٹائل اور فیشن کے ماہرین کہتے ہیں ہر لڑکی اور خاتون کو اندازہ ہونا چاہئے کہ اگر پُرکشش،اسٹائلش اور پُراعتماد نظر آنا ہے تو اپنی ڈریسنگ پہ بھروسہ کرنا ہے۔آپ نے جو کپڑے خریدنا ہیں،پورے اعتماد کے ساتھ خریدیں۔
اور جب انہیں زیب تن کرنا ہے تو پورے بھروسے کے ساتھ۔جن کے پہناوے میں وہم ہوتے ہیں وہ خریداری سے لے کر پہننے اوڑھنے تک اُلجھنوں میں مبتلا رہتی ہیں۔یہ مسئلہ ہماری بیشتر خواتین کو درپیش ہوتا ہے۔اگر آپ کے اور آپ کے لباس کے مابین ”محبت“ نہیں تو آپ کیسے خوبصورت نظر آ سکتی ہیں۔آپ کیسے دنیا سے منفرد ہوں گی۔ماہرین کہتے ہیں کہ دوسروں کی باتوں میں آ کر اکثر خواتین فیشن پہ اپنے کمفرٹ کو قربان کر دیتی ہیں۔
آپ نے جو پہنا اُس نے آپ کو تسکین نہیں بلکہ تکلیف دی اور فیشن کے نام پہ ”اَن ایزی“ لباس پہن کر آپ کسی تقریب یا پارٹی میں کیسے خوش دکھائی دے سکتی ہیں۔آپ کنفیوزڈ اور پریشان لگیں گی تو فیشن کا کیا فائدہ،فیشن نے تو آپ کا سکون برباد کر دیا۔فیشن پہ اپنے آرام اور دلی راحت کو ترجیح دی۔پارٹی میں جائیں یا کسی بھی تقریب میں،بس ذہن نشین کر لیں کہ آپ کو اپنے ملبوس پہ فخر کرنا ہے۔
کسی سے مت پوچھیں کہ میں کیسی لگ رہی ہوں۔آپ کو خود معلوم ہونا چاہئے کہ جو آپ نے پہنا وہ ”خلعتِ فاخرہ“ سے کم نہیں۔
اس عید پر اگر آپ بنارسی سگریٹ ٹراؤزر کے ساتھ ڈبل لیئر قمیض پہنیں تو بہت خوبصورت اور منفرد لگیں گیں۔قمیض کا اِنر بنارسی ہے،تو اَپر شیفون کا ہونا چاہئے،جس پر انتہائی حسین کام کیا گیا ہو،جب کہ پلین شیفون دوپٹے میں کہیں کہیں چھن اور اطراف میں لیس کی ہم آمیزی اگر کی جائے تو وہ بھی خوب کھلے گی۔
پھر موسم گرما میں ہلکے پستئی رنگ کے پیرہن کی شان ہی نرالی ہوتی ہے۔بیل پاٹم کے ساتھ اگر قدرے چھوٹی بنارسی پرنٹ والی قمیض پہنیں،جس کے دامن اور گلے پر زری کا کام ہو،تو ساتھ ٹیل اسٹائل میں فُل ایمبرائیڈرڈ فرنٹ اوپن اَپر کوٹ پہنیں تو آپ کی سج دھج نرالی ہو گی جس کو سب دیکھتے رہ جائیں گے۔اسی طرح گولڈن براؤن شیڈ میں بنارسی ڈھاکا پاجامے کے ساتھ اگر کام دار قمیض ہو تو خوشگوار تاثر دے گی،اس کے علاوہ اگر ڈارک براؤن رنگ میں بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ زری اورنگ ورک کی کام دار قمیض ہو تو کیا بات ہے۔
اسی طرح ہلکے سُرمئی رنگ میں قدرے لمبی گھیردار ڈبل لیئر فراک کے بھی کیا ہی کہنے کہ فراک کا اِنر پلین ہو،جب کہ اَپر پر ملٹی شیڈز کام ہو۔پھر پستئی ہی کے ایک اور شیڈ میں بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ شمر شیفون فیبرک میں ایمبرائیڈرڈ قمیض اور کرن سے آراستہ پلین دوپٹہ بھی خوب ہی بہار دکھائے گا۔
جیسے ماہ اپریل میں موسم بہار کا حُسن ہر سُو رنگینی و دلکشی سی بکھیرتا ہے،بالکل ایسے ہی اس رُت میں کسی تہوار پر سجنے سنورنے کے انداز بھی پورے جوبن پر ہوتے ہیں۔
چونکہ عید کے بعد شادی بیاہ کی تقریبات بھی اپنے عروج پر ہوں گی،تو ہم آپ کو یہی مشورہ دیں گے۔آج ہی اپنی الماری میں موسم و تقریبات کی عین مناسبت سے کچھ خوش نما،دیدہ زیب اور اسٹائلش سے پیراہن کا اضافہ کیجئے۔اگر آپ سیاہ ٹراؤزر جس کے باٹم پر موتی اور رنگوں کا دلکش کام ہو،تو ساتھ ہی فرنٹ اوپن شرٹ کے ساتھ بھرے بھرے کام دار دوپٹے کا انتخاب بھی لاجواب ہے۔
پھر طلائی رنگ بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ باٹل گرین رنگ کام دار قمیض اور دوپٹے کے حُسن و جاذبیت کے بھی کیا ہی کہنے۔جب کہ ایک جانب رسٹ رنگ بنارسی کام دار فلیپر کے ساتھ سیاہ رنگ قمیض اور رسٹ دوپٹے پر بھرا بھرا کام بہت بھلا معلوم ہوتا ہے،تو دوسری جانب سُرخ بنارسی اسٹریٹ ٹراؤزر اور نیوی بلیو کام دار قمیض کے ساتھ گولڈن زری ورک سے آراستہ دوپٹہ بھی بہت ہی حسین و دل فریب معلوم ہوتا ہے۔تو کہیے،ہمارے انتخاب میں سے کون سا رنگ و انداز اپنا کر عید کے روز چھا جانے کا ارادہ ہے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Banarsi Malbosat" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.