Cotton Ke Banarasi Malbosat Fashion Mein In - Article No. 3304

Cotton Ke Banarasi Malbosat Fashion Mein In

کاٹن کے بنارسی ملبوسات فیشن میں ان - تحریر نمبر 3304

بنارسی کی کاریگری اس قدر نفاست سے کی جاتی ہے کہ سب کو اپنی طرف متوجہ کر لیتی ہے

جمعرات 29 اگست 2024

راحیلہ مغل
موسم تبدیل ہوتے ہی نت نئے کپڑوں کے ڈیزائن مارکیٹ میں آنا شروع ہو جاتے ہیں۔اگر موسم گرما کی بات کی جائے تو اس موسم میں لان اور کاٹن کے ملبوسات سرفہرست ہوتے ہیں اور آج کل مختلف ڈیزائنرز کے ڈیزائن کردہ منفرد اور نفیس لباس سب کو ہی پسند آتے ہیں۔پاکستان میں گزشتہ چند سالوں میں لان کے کپڑوں میں نئے پرنٹ، کڑھائی اور ڈیزائنگ سے ان میں تبدیلی تو کر دی جاتی ہے لیکن پھر بھی ان کا استعمال آپ تقریبات میں نہیں کر سکتی ہیں۔
خواتین کی اس مشکل کو مدنظر رکھتے ہوئے بنارسی کاٹن متعارف کروا دی گئی ہے۔جس کے مختلف ڈیزائن اور کلر نہایت خوبصورت ہیں۔جس کا استعمال آپ عام دنوں کے علاوہ مختلف تقریبات میں بھی کر سکتی ہیں۔بنارسی کاٹن اب خواتین کی ضرورت کو پورا کرتا نظر آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

جہاں یہ لباس ایک طرف ڈیزائن میں بنارسی کام کے خوبصورت نزاکتی پہلو سمیٹے ہوئے ہیں وہیں دوسری طرف آرام دہ خصوصیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی تیار کیے گئے ہیں۔


دراصل بنارسی کے کپڑے کا استعمال قدیم زمانے سے کیا جا رہا ہے۔بنارسی کی کاریگری اس قدر نفاست سے کی جاتی ہے کہ سب کو اپنی طرف متوجہ کر لیتی ہے۔خواتین کو ہمیشہ سے ہی خوبصورت اور نئے نئے ملبوسات کی خریداری کا شوق ہوتا ہے، اور شادیوں کے دنوں میں ڈیزائنرز کے خوبصورت ملبوسات متعدد خواتین کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔فیشن کی دنیا میں نئے ڈیزائنرز ایک سے بڑھ کر ایک ملبوسات کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں، ہر ہفتے نئی کلیکشن لوگوں کی بھرپور داد وصول کر رہی ہے۔
اس موسم میں کسی بھی تقریب کیلئے اگر آپ بنارسی سگریٹ ٹراؤزر کے ساتھ ڈبل لیئر قمیض پہنیں تو بہت خوبصورت اور منفرد لگیں گیں۔قمیض کا اِنر بنارسی ہے، تو اَپر شیفون کا ہونا چاہئے، جس پر انتہائی حسین کام کیا گیا ہو، جبکہ پلین شیفون دوپٹے میں کہیں کہیں چھن اور اطراف میں لیس کی ہم آمیزی اگر کی جائے تو وہ بھی خوب کھلے گی۔
پھر موسم گرما میں سبز اور پیچ رنگ کے پیرہن کی شان ہی نرالی ہوتی ہے۔
بیل پاٹم کے ساتھ اگر قدرے چھوٹی بنارسی پرنٹ والی قمیض پہنیں، جس کے دامن اور گلے پر زری کا کام ہو تو ساتھ ٹیل اسٹائل میں فل ایمبرائیڈرڈ فرنٹ اوپن اَپر کوٹ پہنیں تو آپ کی سج دھج نرالی ہو گی جس کو سب دیکھتے رہ جائیں گے۔اسی طرح گولڈن براؤن شیڈ میں بنارسی ڈھاکا پاجامے کے ساتھ اگر کام دار قمیض ہو تو خوشگوار تاثر دے گی ، اس کے علاوہ اگر ڈارک براؤن رنگ میں بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ زری اورنگ درک کی کام دار قمیض ہو تو کیا بات ہے۔

اسی طرح ہلکے سرمئی رنگ میں قدرے لمبی گھیردار ڈبل لیئر فراک کے بھی کیا ہی کہنے کہ فراک کا اِنر پلین ہو، جبکہ اَپر پر ملٹی شیڈز کام ہو۔پھر پستئی ہی کے ایک اور شیڈ میں بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ شمر شیفون فیبرک میں ایمبرائیڈرڈ قمیض اور کرن سے آراستہ پلین دوپٹہ بھی خوب ہی بہار دکھائے گا۔ویسے بھی گرما رُت میں کسی تہوار پر سجنے سنورنے کے انداز بھی پورے جوبن پر ہوتے ہیں۔
تو ہم آپ کو یہی مشورہ دیں گے۔آج ہی اپنی الماری میں موسم کی عین مناسبت سے کچھ خوشنما، دیدہ زیب اور اسٹائلش سے پیرہن کا اضافہ کیجئے۔اگر آپ سیاہ ٹراؤزر جس کے باٹم پر موتی اور رنگوں کا دلکش کام ہو تو ساتھ ہی فرنٹ اوپن شرٹ کے ساتھ بھرے بھرے کام دار دوپٹے کا انتخاب بھی لاجواب ہے۔اسی طرح طلائی رنگ بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ باٹل گرین رنگ کام دار قمیض اور دوپٹے کے حسن و جاذبیت کے بھی کیا ہی کہنے۔جبکہ ایک جانب رسٹ رنگ بنارسی کام دار فلیپر کے ساتھ سیاہ رنگ قمیض اور رسٹ دوپٹے پر بھرا بھرا کام بہت بھلا معلوم ہوتا ہے، تو دوسری جانب سرخ بنارسی اسٹریٹ ٹراؤزر اور نیوی بلیو کام دار قمیض کے ساتھ گولڈن زری ورک سے آراستہ دوپٹہ بھی بہت ہی حسین و دل فریب معلوم ہوتا ہے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Cotton Ke Banarasi Malbosat Fashion Mein In" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.